لا پتہ افراد کی با زیا بی اور سا نحہ ساہیوال کیخلاف اسلا م آباد میں مظاہرے
اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت)ڈیفنس آف ہیومن رائٹس پاکستان کا لاپتہ افراد کی بازیاب اور ساہیوال میں ہونے والے المناک ظلم کے خلاف مظاہرے میں چیئرپرسن ڈی ایچ آر آمنہ مسعود جنجوعہ، اسلام آباد سول سوسائٹی کے ممبران، وکلاء ، طلبہ ، لا پتہ افراد کے لواحقین اور عام شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال میں ہونے والے ظلم کی جتنی شدید مذمت کی جائے کم ہے،معصوم عمیر، حادیہ اور منیبہ سے جس بے رحمی کے ساتھ انکی آنکھوں کے سامنے انکے ماں باپ اور بہن کو گولیاں ماری گئی ہیں وہ اس حیوانی فورس کے ظلم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔لاپتہ افراد کے لواحقین نے مطالبہ کیا کہ ہمارے پیاروں کو کس جرم کی پاداش میں جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے؟ اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو ملک کی عدالتوں میں انہیں پیش کیا جائے اور سزا دی جائے۔