نیشنل سٹیڈیم کراچی ‘ 42سالہ مزدور چھت سے گر کر جاں بحق
کراچی (کرائم رپورٹر )کراچی کے نیشنل سٹیڈیم پر کام کے دوران 42 سالہ مزدور کالو خان چھت سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم پر پاکستان سپر لیگ کی تیاریوں کے حوالے سے کام کے دوران 42سالہ مزدور کالو خان چھت سے گر کر ہلاک ہوگیا، کالو خان کا تعلق پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ سے اور وہ 9 بچوں کا باپ ہے۔ تزئین و آرائش سے گزرنے والے سٹیڈیم میں مشتاق انکلوژر کی چھت پر پینٹ کرتے وقت کالو خان گر کر ہلاک ہوا، وہ اپنے بیٹے اور دیگر رشتے داروں کے ساتھ مزدوری کرنے کراچی آیا تھا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مزکورہ مزدور 35 فٹ بلندی پر کام کے دوران چائے پینے کے لیے نیچے اترتے ہوئے پائوں پھسل جانے کے سبب زمین پر آگرا اور سر پر چوٹ لگنے سے شدید زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاسکا اور جاں بحق ہوگیا۔ مزدور کی موت پر اس کے ساتھی غم سے نڈھال نظر آئے جبکہ متعلقہ تعمیراتی ادارے کا مؤقف ہے کہ مزدور کام کے دوران حفاطتی آلات سے لیس تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مزدور کی ہلاکت کا معاملہ دبانے کی کوشش کی گئی اور کسی قانونی کارروائی کے بغیر ہی میت کو تدفین کیلئے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا اور اسے ضلع مظفر گڑھ کے چک چوک قریشی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ناخوشگوار واقعہ کے باجود نیشنل سٹیڈیم میں تعمیراتی اصولوں کے برخلاف حفاظتی اقدامات کو بالائے طاق نہیں رکھا گیا ہے اور مناسب انتظامات نہ ہونے کے سبب مزید جانی نقصان ہونے کے خدشات موجود ہیں۔