تربت میں ایف سی کی گاڑی کے قریب موٹرسائیکل بم دھماکہ، 4 افراد زخمی
کوئٹہ(بیورو رپورٹ+صباح نیوز) بلوچستان کے علاقے تربت میں ہونے والے بم دھماکے میں 4 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بم دھماکہ نیشنل بینک روڈ پر فرنٹیئر کورکی گاڑی کے قریب ہوا۔ زخمیوں میں سے ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے۔ ذرائع کے مطابق بم موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جو سڑک کنارے کھڑی تھی۔ شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں غلام خان گیٹ کے قریب حفاظتی مائن پھٹنے سے دو بچے زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپر ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا۔ شاہ حسن خیل خود کش دھماکے میں مطلوب مبینہ شدت پسند نے پولیس کو گرفتاری پیش کردی جبکہ پولیس نے غیر قانونی ہتھیار رکھنے پر دو افراد رفیع کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یکم جنوری 2010کو شاہ حسن خیل میں والی بال میچ کے دوران ہونے والے خود کش د ھماکے میں ایک سو سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے جن میں سکیورٹی اہلکار بھی شامل تھے۔ پولیس کے مطابق شاہ حسن خیل خودکش حملے میں کافی عرصہ سے مطلوب سلیم نامی مبینہ شدت پسند نے لکی مروت پولیس کو گرفتاری پیش کردی۔پیرکوہ میں قبائلی امن لشکر کیمپ کے قریب دھماکے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ میں امن لشکر کے کیمپ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں امن لشکر کے دو اہلکار کار محمد رحیم ولد یار محمد نوتھانی بگٹی علی نواز ولد دوست محمد نوتھانی بگٹی زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ایف ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
تربت