• news

پاکستان جنوبی افریقہ تیسرے ون ڈے میں آج مدمقابل ، برتری حاصل کرینگے: سرفراز احمد

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان اورجنوبی افریقہ کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ آج سنچورین میں کھیلا جائے گا۔ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے کپتان آئندہ میچ میں کامیابی کے لئے پر جوش ہیں۔ پاکستانی کپتان اور کھلاڑیوں کے مطابق دوسرے میچ میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ گرین شرٹس کے کپتان سرفرازاحمد کا کہنا ہے کہ دوسرا میچ جیت کر سیریز میں برتری دوگنی کرنے کیلئے پر امید ہیں تاہم دوسری جانب میزبان ٹیم بھی سیریز میں کم بیک کے بعد تیسرے میچ میں کامیابی کیلئے پر اعتماد ہے اس لئے تیسرے ون ڈے میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔پروٹیز کپتان فف ڈوپلیسی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور تیسرے میچ میں بھی مقابلہ دلچسپ ہوگا۔ سیریز میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کرینگے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا چوتھا ون ڈے 27 جنوری جبکہ پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ 30 جنوری کو کھیلا جائیگا۔پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے تیسرے ون ڈے میں تجربہ کار فاسٹ بائولر محمد عامر کو کھلانے غورشروع کر دیا جس کے بعد محمد عامر کی 4 ماہ بعد ون ڈے ٹیم میں شمولیت متوقع ہے۔ عامر نے آخری ون ڈے انٹرنیشنل گذشتہ سال 23 ستمبر کو ایشیا کپ کے دوران کھیلا تھا جس کے بعد ان کو پاکستان ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔میزبان جنوبی افریقہ نے اپنی ٹیم میں فاسٹ بولر ڈیل سٹین اور وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک کو شامل کیا ہے۔محمد عامر امکان ہے کہ فہیم اشرف کی جگہ کھیلیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن