شدید دھند : گدوتھرمل کے گیارہ یونٹس ٹرپ سندھ بلوچستان میں بجلی معطل
لاہور، کراچی(نیوزرپورٹر+صباح نیوز)نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے ترجمان نے کہا کہ این ٹی ڈی سی نے سدرن آئی لینڈ میں صبح کے وقت شدید دھند کے باعث ٹرپ ہونے والے پاور سسٹم کو قلیل وقت میں بحال کردیا۔ دھند کی شدت کے باعث سسٹم ٹرپنگ سے بلوچستان بشمول کوئٹہ اور سندھ کے علاقے متاثر ہوئے۔ تاہم سسٹم کو11 بج کر 37منٹ پر بحال کردیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ شدید دھند کے باعث 500کے وی دادو، شکارپور اور گُڈو، شکارپور سرکٹ ٹرپ کر گئے او 500 کے وی شکارپور گرڈ سٹیشن بند ہونے سے بلوچستان بشمول کوئٹہ اور سندھ میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ این ٹی ڈی سی کی ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کردیا گیا جنہوں نے بلوچستان کو 220کے وی سبی، کوئٹہ ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے بجلی کی سپلائی بحال کردی۔ اسی طرح کے الیکٹرک کو 500کے وی گرڈ سٹیشن جامشورو اور 500 کے وی این کے آئی گرڈ سٹیشن کے ذریعے بجلی بحال کی گئی۔ حیسکو اور سیپکو کو بھی بجلی کی فراہمی ممکن بنا دی گئی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ٹرپنگ کے باعث کچھ پاور پلانٹس سسٹم سے نکل گئے تھے جن میں سے گڈو پاور پلانٹ 600 میگاواٹ، اُچ (I) 551 میگاواٹ ، اُچ (II) 380 میگاواٹ، حب پاور پلانٹ 600 میگاواٹ اور حبیب اللہ کوسٹل پاور پلانٹ 120 میگاواٹ بجلی کی پیداور شام 5 بجے قومی گرڈ میں شامل ہوگئی۔ تاہم 1200میگاواٹ پورٹ قاسم کول فائرڈ پاور پلانٹ کی بحالی کا تکنیکی عمل جاری ہے جس سے بجلی کی پیداوار کل شام تک متوقع ہے۔ واضح رہے کہ کے الیکٹرک کو قومی گرڈ سے بجلی کی مکمل سپلائی جاری ہے۔واضح رہے شدید دھند کے باعث گڈوتھرمل پاور ہاﺅس کے 11 یونٹس ٹرپ کر گئے تھے جبکہ پاورہاﺅس کے16 میں سے5 یونٹس پہلے سے خراب ہیں جس کے باعث سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی اور 747 میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی۔ سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے کئی اضلاع اندھیرے میں ڈوب گئے۔ دوسری جانب نیشنل گرڈ میں ٹرپنگ کے باعث کراچی کے بیشتر علاقوں میں بھی بجلی بند ہوئی۔ گلشن اقبال، اورنگی ٹا¶ن، سولجر بازار، اولڈ سٹی ایریاز، صدر اور ڈیفنس ویو میں بھی بجلی بند ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کو بند کر دیا گیا ہے،جبکہ جانب ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ کالام میں پارہ منفی 13، اسکردو میں منفی 12 تک گر گیا، برفباری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر بعض مقامات شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث ملتان، خانیوال موٹروے اور سکھر میں قومی شاہراہ بند کر دیا گیا۔ شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر سے 30میٹر تک محدود ہو گئی ہے۔پنجاب کے شہر لودھراں، بہاولپور، رحیم یار خان صادق آباد، چیچہ وطنی میں بھی دھند کے ڈیرے ہیں۔ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو گاڑیوںپر فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریں دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا ستعمال نہ کریں۔دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ کالام میں پارہ منفی تیرہ، اسکردو میں منفی بارہ تک گر گیا، برفباری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ دوسری طرف مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ بجلی منقطع ہے، اگر وفاق سندھ اسمبلی کو بجلی نہیں دے سکتی تو عوام کے ساتھ کیا سلوک ہوگا۔واضح رہے کراچی میں بجلی کا بریک ڈاﺅن ہوا جس کے باعث سندھ اسمبلی سمیت دیگر اہم جگہوں کی بجلی غائب رہی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں گیس کی کمی کے بعد اب دوبارہ بجلی کابحران شروع ہو گیا۔
گڈو تھرمل