اسلام آباد ہائی کورٹ: عمران فاروق قتل کیس میں
ایف آئی اے کو برطانیہ سے شواہد اکٹھے کرنے کی مہلت نہ دینے کے فیصلے کیخلاف اپیل سماعت کیلئے منظور
اسلام آباد (آن لائن ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کے سابق رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں ایف آئی اے کو برطانیہ سے کیس سے متعلق شواہد اکٹھے کرنے کی مہلت نہ دینے کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی درخواست منظورکر لی جس پر سماعت 29 جنوری کو ہو گی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کی۔ ایف آئی اے کی جانب سے خواجہ امتیاز ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایف آئی اے کو برطانیہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے مزید مہلت دینے کے لیے دائر درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا تھا جسے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔
عمران فاروق کیس