• news

امام الحق کو جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی 20سیریز نہ کھلانے کا فیصلہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے جنوبی افریقۃ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں اوپنر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق امام الحق نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں 86 رنز کی اننگز کھیلی تھی لیکن سلیکٹرز امام الحق کو تین ٹی ٹونٹی میچوں میں آرام دے کر نوجوان صاحبزادہ فرحان کو کھلانا چاہتے ہیں۔ صاحبزادہ فرحان کے ساتھ ساتھ جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز آصف علی کو بھی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق جوہانسبرگ میں انضمام الحق کی سرفراز احمد اور مکی آرتھر سے میٹنگ میں امام الحق کو ون ڈے سیریز کے بعد وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔امام الحق نے پاکستان کی جانب سے دس ٹیسٹ اور 18 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں تاہم انہیں اپنے پہلے ٹی ٹونٹی میچ کا انتظار ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ بائولر محمد عامر کی بھی ٹی ٹونٹی ٹیم میں واپسی ہو گی، عامر کو نوجوان بائولر وقاص مقصود پر ترجیح دی جائے گی۔ون ڈے سیریز کے بعد امام الحق، محمد رضوان، شان مسعود وطن واپس آجائیں گے۔پاکستان کی اننگز کا آغاز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان کریں گے ، مڈل آرڈر میں بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حسین طلعت، آصف علی اور سرفراز احمد ہوں گے۔شاداب خان اور عماد وسیم آل راونڈرز ہوں گے جبکہ فاسٹ بائولنگ کا شعبہ محمد عامر، حسن علی، فہیم اشرف، عثمان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہو گا۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے میچ یکم، 3 اور 6 فروری کو کھیلے جائیں گے۔ کپتان سرفراز احمد پر آئی سی سی کی طرف سے اگر کوئی میچز کی پابندی لگتی ہے تو پھر محمد رضوان کو سکواڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے ٹیم ہیڈکوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کے ساتھ کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت مکمل کرلی ہے۔ بورڈ سربراہ احسان مانی کی منظوری کے بعد ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن