ہیلتھ کیئر کے روایتی نظام کو بدلنے کیلئے اصلاحات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے : عثمان بزدار
لاہور(نیوزرپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنانا حکومت کی پہلی ترجیح ہے اور شعبہ صحت کو عوام کی امنگوں کے مطابق بنانے کیلئے اصلاحات کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے کیونکہ مریضوں کو ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی بہترین سہولتیں ملنا ان کا حق ہے اورحکومت یہ حق مریضوں کو ہر قیمت پر دے گی اور اس مقصد کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔ مختلف وفود سے گفتگو میں عثمان بزدار نے کہا کہ مریضوں کو علاج معالجے کی جدید سہولتوں کی فراہمی کیلئے روڈمیپ تیار کر لیا گیا ہے۔ مریضوں کو ہیلتھ کیئر کی سہولتیں دینے کیلئے وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے اورہیلتھ کیئر سسٹم کے روایتی نظام کو بدلنے کیلئے اصلاحات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عام آدمی کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں مل سکیں۔ اصلاحاتی پروگرام سے ہیلتھ کیئر کی سہولتوں کی بہتری پر دورس نتائج حاصل ہوں گے۔ ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات کا مقصد عوام کو معیاری ، بہترین اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی ہے۔ شعبہ صحت کی بہتری کیلئے ہسپتالوں میں چیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام وضع کیا جائے گا اورجدید طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے مختص کردہ خطیر رقم کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائیں گے۔ ہسپتالوں میں دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے محنت اور جذبے سے کام کرنا ہوگا۔دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت ہے اورکسی کے زخمو ں پر مرہم رکھنا نیک کام ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہترین علاج معالجہ عام آدمی کا حق ہے اور یہ حق عوام کو دینے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ عوام کو معیاری طبی سہولتو ں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معیاری ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ عثمان بزدار نے آزاد کشمیر کے علاقے حویلی میں فاروڈ کہوٹہ روڈ پر مسافر وین کھائی میں گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر معروف شاعر اختر حضری کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
عثمان بزدار