• news

سانحہ ساہیوال کو ماڈل ٹاﺅن ، نقیب کیس کی طرف طول نہیں دینگے: فیاض چوہان

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر برائے اطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن اور سانحہ ساہویال میں بہت فرق ہے سانحہ ماڈل ٹاﺅن میں قتل و غارت گری میں ملوث افراد کو ترقیاں اور تحفظ دیا گیا تھا ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں نوجوان مصوروں کی تصویری نمائش کے بعد اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ اس سانحے نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ہم غم اور سوگ اس کی گھڑی میں متاثرہ خاندان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی ہے اور ریاست اس خاندان کی کفالت میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی اور متاثرین کے ساتھ انصاف کیا جائیگا۔ عمران خان اور عثمان بزدار کی قیادت میں ہم خلیل کے بچوں سے یہ عہد کرتے ہیں کہ سانحے کے مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، پی ٹی آئی انصاف کی علمبردار جماعت ہے ہم سابق حکومت کی طرح جے آئی ٹی رپورٹ کو صرف دفتری ریکارڈ کی زینت نہیں بنائیں گے بلکہ نامزد ملزموں کو ایسی سزا دیں گے جس کے بعد کوئی پولیس اہلکار وردی کی آڑ لیکر کسی کی جان مال اور آبرو سے نہ کھیل سکے۔ ہم اس بات پریقین رکھتے ہیں کہ نئے پاکستان میں قانون سے تجاوز کرنے والوں کیلئے کوئی گنجائش نہیں حکومت پنجاب انصاف کے وعدے کے ساتھ کھڑی ہے۔ قانون کی بالادستی عمران خان کی حکومت کا پہلے دن سے وعدہ ہے عوام اور میڈیا اس بات کی تسلی رکھے کہ اس سانحے کو ہم ماڈل ٹاﺅن کیس اور نقیب اللہ محسود کے کیس کی طرح طول نہیں کریں گے اور نہ اس پر مٹی ڈالیں گے اس ظلم میں ملوث افراد کو قانونی تقاضے پورے کرکے نشان عبرت بنادیں گے۔
فیاض چوہان

ای پیپر-دی نیشن