وفاقی حکومت براہ راست مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل میں پیش کرے: فاروق حید ر
مظفرآباد (صباح نیوز )آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مسئلہ کشمیرکو موثر انداز میں اجاگر کرنے کیلیے تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے ساتھ از سر نو پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔وفاقی حکومت باضابطہ طور پر براہ راست مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کرے۔ ایسا پارلیمانی وفد سلامتی کونسل میں بھیجا جائے جس میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین شامل ہوں تاکہ مسئلہ کشمیر اقوام عالم کے سامنے جاندار انداز سے پیش کیا جاسکے۔ہمارا دشمن بھارت بڑا مکار و عیار ہے قومی یکجہتی وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے سیاسی اور اقتصادی طور پر مضبوط و مستحکم پاکستان ہی ہندوستان کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ آج کے دن میں افواج پاکستان کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر ہندوستان نے کوئی جارحانہ قدم اٹھایا تو آزاد کشمیر کے 45لاکھ کشمیری افواج پاکستان کی پشت پر ہوں گے ہم یہ لڑائی مقبوضہ کشمیر کے اندر جا کر لڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے موقع پر جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بھارت روزانہ کنٹرو لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے خلاف ورزیاں کرتے ہوئے نہتے شہریوں، سکولوں، گاڑیوں پر بلااشتعال فائرنگ کر رہا ہے لائن آف کنٹرول پربسنے والے بہادر اور غیور عوام بھارتی افواج کا دلیری سے ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور کبھی ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایک دن ایسا آئے گا کہ ہندوستان کے ہر حصے بخرے ہوں گے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنی جان، مال اور عصمتوں کی قربانیاں دیکر ثابت کر دیا ہے کہ وہ تحریک آزادی کی جدوجہد کو کامیاب کریں گے۔
راجہ فاروق حیدر