• news

جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی 20 سیریز، 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان، عامر کی واپسی

لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا، جس میں فاسٹ باؤلر محمد عامر کی واپسی ہوئی ہے۔ٹی ٹونٹی میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو وائٹ واش کرنے والی قومی ٹیم کے سکواڈ میں وقاص مقصود کی جگہ محمد عامر کو شامل کیا گیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ سیریز اور ون ڈے سیریز میں جگہ نہ بنانے والے آصف علی اور صاحبزادہ فرحان بھی ٹی20 سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ امام الحق، محمد رضوان اور شان مسعود ایک روزہ میچز کی سیریز کے بعد واپس چلے جائیں گے۔جارحانہ بلے بازی کرنے والے آصف علی نے جنوبی افریقہ کی مزانسی سپر لیگ میں بہترین کارکردگی دکھائی تھی، جہاں انہوں نے کیپ ٹاؤن بلٹز کے لیے 180 سے زائد کے سٹرائک ریٹ سے 150 رنز سکور کیے۔آصف علی نے اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر میں 16 میچز کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 140 کے سٹرائیک ریٹ کے حساب سے 237 رنز سکور کیے ہیں۔دوسری جانب صاحبزادہ فرحان نے پاکستان کے لیے کھیلے گئے اپنے 3 ٹی ٹونٹی میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی تھی لیکن اپنے کیریئر کے 22 ٹی ٹونٹی میچز میں 452 رنز سکور کیے ہیں۔ٹیم کے حوالے سے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ’ایک مرتبہ پھر سلیکٹرز پالیسی کے ساتھ آگے جاتے ہوئے وننگ کمبی نیشن برقرار رکھا۔انہوں نے کہا کہ ’ہماری زیادہ توجہ رواں سال آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ پر ہے لیکن ہم آئندہ سال کی دوسری ششماہی میں ہونے والی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں پر بھی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔قومی ٹیم، جنوبی افریقہ کے خلاف اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ یکم فروری کو کیپ ٹاؤن میں کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ جوہانسبرگ میں 3 فروری اور آخری ٹی ٹونٹی 6 فروری کو سنچورین میں کھیلا جائیگا۔ٹی ٹونٹی سکواڈ‘سرفراز احمد (کپتان، وکٹ کیپر)آصف علی‘بابر اعظم‘فہیم اشرف‘فخر زمان‘حسن علی‘حسین طلعت ‘عماد وسیم‘محمد عامر‘محمد حفیظ‘صاحبزادہ فرحان ‘شاداب خان‘شاہین آفریدی‘شعیب ملک ‘عثمان شنواری پر مشتمل ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن