معصوم شہریوں کو دہشت گرد قرار دینا انتہائی شرمناک ہے: خالق عزیز مت
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت ) پیپلز پارٹی کے ضلعی سینئر نائب صدر چوہدری خالق عزیز مت ورک نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال پر پیپلز پارٹی کا موقف واضح اور دوٹوک ہے کہ اس سانحہ کے ذمہ داروں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی سکیورٹی اہلکار یا پولیس جوان قانون کا یوں غلط استعمال کرنے کی جرات نہ کرسکے، پولیس عوام کی محافظ ہے جو قاتل کا کردار ادا کرکے پاکستانی عوام کو خوف میں مبتلا کررہی ہے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیرقانون سانحہ ساہیوال پر مستعفی ہوں معصوم شہریوں کو دہشت گرد قراردینا انتہائی شرمناک ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت اس واقعہ میں ملوث اصلی چہرے سامنے لائے اور پولیس کو حقیقی معنوں میں عوام دوست بنایا جائے کرپٹ پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ،انہوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال ملکی تاریخی کا سیاہ واقعہ ہے پولیس کی بربریت پر ہلاکو خان اور چنگیز خان کی روحیں بھی کانپ اٹھی ہیںمگر حکمران اب بھی اس سانحہ میں ملوث عناصر کو بچانے کی کوشش کررہی ہے۔