ہم بھکاری نہیں‘ امریکہ‘ طالبان معاہدہ بڑی سفارتی کامیابی مزید خوشخبری دینگے : شاہ محمود‘ دوحہ مذاکرات حوصلہ افزا ہیں : مائیک یومپیو
ملتان(نامہ نگار خصوصی‘ نوائے وقت نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے ہمیں خطے میں امن کی ضرورت ہے امداد کی نہیں۔ ہم بھکاری نہیں باوقار قوم ہیں۔ قوموں کا وقار ہوتا ہے دورے پیسوں کے لیے نہیں بلکہ امن کیلئے کئے۔پاک امریکہ تعلقات وقت کی ضرورت ہیں امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر کرنا ہماری بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ قوم کو آنے والے چند دنوں میں مزید خوشخبری دینگے۔ ہم امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات مزید بہتر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ طالبان معاہدہ پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان کی حکومت ملکی مفاد کا سودا نہیںکریگی۔ بھارت سے آبی مسائل سمیت درپیش تمام مسائل پر بات ہوگی۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہم نے پاکستان کے مفادات کا نہ پہلے کبھی سودا کیا اور نہ کریں گے۔ امن جنگ سے قائم نہیں ہوتا یہ ہمارا موقف رہا ہے۔ ہمارے موقف کی دنیا نے تائید کی ہے۔ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی پر ہم ضد نہیں کررہے کہ وہ ہمارا چیئرمین ہو۔ ہم نیب زدہ شخص کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا چیئرمین نہیں بنانا چاہتے تھے۔ اپوزیشن کا سیاست میں دوہرا کردار ہے۔ مرکز میں وہ چاہتے ہیں وہ قائد حزب اختلاف ہوں۔ پنجاب میں بھی وہ یہی چاہتے ہیں لیکن سندھ میں ایسا نہیں چاہتے ہمارے پاس دو راستے تھے ایک یہ ہم ڈیڈلاک برقرار رکھتے لیکن ہم نے قومی اسمبلی کی کارروائی آگے بڑھانے کیلئے اپوزیشن کی بات تسلیم کی۔ میں اپوزیشن سے کہوں گا کہ آپ اپنا موقف پیش کریں مگر ہلڑ بازی نہ کریں۔ ہلڑ بازی سے آپ کا موقف بھی پیش نہیں ہوپاتا۔ میں اپوزیشن لیڈر سے کہوں گاکہ آپ اپنا موقف بیان کرنا چاہتے ہیں تو ہاﺅس آف دی لیڈر کا بھی موقف سنیں ۔ انہوں نے کہا افغانستان کا امن ہماری ضرورت ہے ۔افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں امن ہوگا۔ہم افغانستان میں ایک ارب روپے کی سرمایہ کاری کررہے ہیں ۔ افغان قوم کوجلد ہسپتال کاتحفہ دیں گے۔ پاکستان کے شہریوں نے 17 سال افغانیوں کی میزبانی اور خدمت کی۔ ہمارا کبھی ارادہ نہ تھا کہ ہم ان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرتے۔ پاکستان بطور ایک پڑوسی اور خیرخواہ کے ان کے ساتھ ہے۔ اللہ ہمارے دل جوڑے ہمارا کام تھا ہم افغان طالبان اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لے آئے۔ پاکستان نے اپنا رول ادا کردیا ہے۔ خطے میں امن کیلئے سٹرٹیجک دورے کیئے۔ جس کیلئے بیجنگ ، کابل، ایران ، افغانستان اور روس گیا تھا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کا دورہ قطر کامیاب رہا ہے۔پرسوں اومان جا رہا ہوں انہوں نے مزید کہا3فروری لندن جا رہا ہوں حکومت پاکستان نے اس مرتبہ یوم یکجہتی کشمیر لندن میں منانے کا اعلان کیا ہے۔ تاکہ کشمیر کے مسئلہ پر دنیا کے سوئے ہوئے ضمیر کو جگایا جا سکے۔ 5فروری کو کشمیریوںکی آواز بلند کرونگا اور پاکستان کا بھرپورموقف پیش کرونگا۔ پاکستان کا بھرپور موقف پوری دنیا میں پیش کررہا ہوں۔ سبز پاسپورٹ کی حرمت بحال کروانگا۔ پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند کرونگا۔
واشنگٹن(آن لائن)امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپو نے دوحا مذاکرات کوحوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکومت اور دلچسپی رکھنے والی تمام قوتوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں، امریکا افغانستان کو دہشت گردی کی آماجگاہ بننے سے روکنے اور فورسز کی واپسی کے لیے سنجیدہ ہے۔امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے ٹویٹ کیا افغان امن سے متعلق خبریں حوصلہ افزا ہیں۔ ان کا کہنا تھا زلمے خلیل زاد نے دوحا مذاکرات میں اہم پیش رفت کی رپورٹ دی۔مائیک پومپیو کے مطابق امریکہ افغانستان میں امن اور فورسز کی واپسی کے لیے سنجیدہ ہے۔ افغان حکومت اور دلچسپی رکھنے والی تمام قوتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
مائیک پومپیو