• news

اے پی این ایس کے مسائل جائز، جلد حل ہونے چاہئیں: پرویز الٰہی

لاہور ( نیوز رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے پنجاب میں پہلی بار پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا قانون بنایا، جس کا فائدہ اپوزیشن کو پہنچا۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر اے پی این ایس کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد میں مہتاب خان، مجیب الرحمن شامی، رمیزہ مجید نظامی، خوشنود علی خان، سرمد علی، جمیل اختر، ممتاز طاہر، عثمان مجید شامی، بلال محمود، شاہد محمود، ہمایوں گلزار، رحمت علی رازی، ڈاکٹر تنویر طاہر، نوید چودھری، سردار خان نیازی، عمران اطہر شامل تھے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا اے پی این ایس کو درپیش مسائل و مشکلات جائز ہیں ان کا جلد حل چاہئے، میڈیا کارکنوں کی بڑے پیمانے پر برطرفیاں تشویشناک ہیں، انہوں نے کہا میڈیا کو صرف تنقید نہیں بلکہ حکومت اور اپوزیشن کی رہنمائی کرنی چاہئے، بطور سپیکر میرا رول غیرجانبدارانہ ہے، پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار سانحہ ساہیوال جیسے واقعہ پر ان کیمرہ بریفنگ کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب اسمبلیوں میں پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا قانون تھا لیکن پنجاب میں ایسا کوئی قانون نہیں تھا۔ اے پی این ایس کے وفد نے بطور وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے دور کو پنجاب بالخصوص میڈیا کے لئے سنہری قرار دیتے ہوئے کہا اخبارات، ٹی وی کا نظام بڑے اچھے طریقے سے چل رہا تھا، صحافیوں کے لئے کالونیوں کا قیام ایسے کام ہیں جن کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، اس کے علاوہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے آپ نے مثالی اور تاریخی اصلاحات کی تھیں، شعبہ صحت میں میو ہسپتال میں سرجیکل ٹاور، برن سنٹر، کارڈیالوجی ہسپتالوں کا قیام، ملتان برن سنٹر قابل ذکر ہیں۔
پرویز الٰہی

ای پیپر-دی نیشن