• news

بھارت سے بات چیت موخر کر دی‘ امریکہ طالبان مذاکرات کامیاب ہوئے تو ہمارا بھی فائدہ ہو گا : فواد چوہدری

دبئی، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں ) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ بھارت سے بات چیت کی کوشش موخر کر دی ہے، موجودہ بھارتی قیادت کی طرف سے کسی بڑے فیصلے کی توقع نہیں، بھارت میں الیکشن کی وجہ سے بات چیت کے لئے وقت مناسب نہیں، الیکشن کے بعد مودی کی حکومت ہو یا راہول گاندھی کی بات چیت کےلئے تیار ہیں۔ طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے پر صدر ٹرمپ پاکستان سے خوش ہیں، خوش ہونے کی وجہ سے امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کے لئے پالیسی تبدیل کی ہے۔ یو اے ای کے اخبار کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حوالے امریکہ اور طالبان کے مذاکرات کامیاب ہوئے تو امن و استحکام سے نہ صرف امریکہ بلکہ پاکستان کو بھی فائدہ ہوگا۔ ٹرمپ، عمران ملاقات افغان امن مذاکرات کے بعد ممکن ہے۔ پاکستان میں ہر پالیسی اتفاق رائے سے بنائی جا رہی ہے، پاکستان میں حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں۔ علاوہ ازیں دبئی میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی اندرونی سیاست میں عمران خان یا پی ٹی آئی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ہم نہ صرف سویلین اداروں کو بہتر اور مضبوط کررہے ہیں بلکہ پاکستان کے اندرونی مسائل پربھی توجہ دے رہے ہیں، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ پرکرپشن کے الزامات ہم نے نہیں لگائے۔ گزشتہ کچھ برسوں سے مشرق وسطیٰ کی سیاست میں کردار کم ہورہا تھا، اب ہماری حکومت کا فوکس امارات اور دیگر مشرق وسطیٰ میں اچھے تعلقات ہے، ہم امارات اور سعودی عرب سے اچھے تعلقات کی کوششوں میں ہیں، عمران خان کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان مشرق وسطیٰ کے معاملے میں واپس آیا ہے۔ کوشش ہے پاکستان کو دنیا کے لیے کھولا جائے اور ہم چاہتے ہیں لوگ سیاحت اور کاروبار کے لیے پاکستان آئیں، ہماری امن کی پالیسی ہے جس سے پاکستان کے لوگوں کا فائدہ ہوگا، فواد حسین نے کہا ہے کہ آج وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بدلا ہوا پاکستان ہے ایک واضح سمت نظر آ رہی ہے پچھلے سال ہم سیاسی منزل تک پہنچے تھے اس سال معاشی منزل حاصل کر یں گے۔
فواد چودھری

ای پیپر-دی نیشن