• news

ساہیوال: ٹائر پھٹنے سے ٹرالر الٹ گیا، 3طالب علم نیچے دب کر جاں بحق

ساہیوال( نمائندہ نوائے وقت) جی ٹی روڈ پر غر بی بائی پاس کے قریب تیز رفتار این ایل سی ٹرالر کے دو ٹائر دھماکہ سے پھٹ جانے سے الٹ گیا ۔موٹر سائیکل سوار تین طالب علم ٹرالر کے نیچے دب کر جاں بحق ہوگئے۔ این ایل سی ٹرالر نمبرT880358/3DCC ٹائلوں سے لوڈ کراچی سے لاہور جارہا تھا کہ ڈرائیور نے ہنگامی بریک لگائی تو دو ٹائر پھٹ گئے دھماکہ سے ٹرالر الٹ گیا ۔ موٹر سائیکل پر اپنے گھروں کو جانے والے تین موٹر سائیکل سوار طالب علم بری طرح کچل کر ہلاک ہو گئے ان کا کچومر نکل گیا۔لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت جب دو نعشوں کو نکال لیا۔ پولیس چوکی غلہ منڈی بائی پاس آدھے گھنٹے کی تاخیر سے پہنچی جبکہ پولیس چوکی اور جائے حادثہ کا فاصلہ ایک سو میٹر سے بھی کم تھا ریسکیو1122اور نیشنل ہائی وے کی امدادی ٹیم نے مو قع پر پہنچ کر کرین سے تیسری نعش کو بھی نکال لیا تاہم نعشوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔ اس حادثہ کے بعد بائی پاس پر ٹریفک معطل ہو گئی ۔پولیس نے مو قع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی تینوں نعشوں کو ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال پہنچا دیا گیا ۔ٹرالر کا ڈرائیور فرار ہو گیا۔تاہم بعد ازاں ہڑ پہ کے محمد حسین کی نعش کی شناخت ہو گئی جوکہ موٹر سائیکل کا مالک تھا۔

ای پیپر-دی نیشن