لاہور: کچہری مال خانے سے موٹرسائیکلیں چوری کرنے والے 4پولیس اہلکاروں سمیت 5گرفتار
لاہور (نامہ نگار) لوئر مال پولیس نے کچہری مال خانے سے موٹرسائیکلیں چوری کرکے فروخت کرنے والے 4پولیس اہلکاروں سمیت 5افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک ٹرک پر لوڈ دس موٹرسائیکلیں بھی برآمد کر لی ہیں، گرفتار ملزمان میں ہیڈ کانسٹیبل محمد یوسف، ہیڈ کانسٹیبل انوار الحق، کانسٹیبل شوکت علی، کانسٹیبل محمد صدیق اور ان کا پرائیویٹ ساتھی ملک عاصم شامل ہیں جبکہ ان کا ایک ساتھی محمد نوید فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے، یہ پولیس اہلکار کچہری مال خانہ صدر سے دس موٹرسائیکلیں چوری کرکے ایک ٹرک میں لوڈ کرکے بلال گنج فروخت کرنے لے جا رہے تھے کہ پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔