• news

وزیراعظم ہیلی کاپٹر پر آئے اسی پر واپس چلے گئے، شہبازشریف پر کڑی تنقید، پنجاب کے چیف سیکرٹری، آئی جی سے ریٹائرمنٹ کے بعد کام لینے کا اعلان، عمران خان کے دورہ میانوالی کی جھلکیاں

عمران خان کے دورہ میانوالی کی جھلکیاں
میانوالی(محمد یوسف چغتائی) ٭ میانوالی شہر سے 35کلومیٹر دور دربار بن حافظ جی کے قریب اور نمل جھیل کے کنارے سے بے آب و گیاہ پہاڑیوں کے ملحقہ دامن میں نمل کالج کے بانی عمران خان کی بحیثیت وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی، چیف سیکرٹری پنجاب کی نمل کالج پہلی مرتبہ آمد تھی۔
نمل کالج کے چاروں اطراف بشمول پہاڑوں کے اوپر اور ارد گرد سکیورٹی کے لئے پولیس اہلکار تعینات کئے گئے، عمران خان کالج کی تقریب میں شمولیت، اسناد کی تقسیم اور خطابات کے دوران بہت زیادہ خوش نظر آ رہے تھے۔
سالانہ چھٹی تقریب تقسیم اسناد میں دو تین میڈیا پرسن کے علاوہ میانوالی کے میڈیا کے افراد کو شرکت یا کوریج کی دعوت نہ دی گئی، جس پر میانوالی کے میڈیا نے بہت دکھ اور حیرت کا اظہار کیا، میڈیا کے مقامی لوگوں کو نمل کالج کے باہر ایک دو کلومیٹر دور ہی روک لیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب کے دوران سامعین میں موجود آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی اور چیف سیکرٹری پنجاب کی طرف دیکھتے ہوئے کہا کہ وہ ریٹائرڈ ہو رہے ہیں، ان سے ملک و قوم کے لئے کام لیں گے، ریٹائرڈ ہونے کے بعد گھر بیٹھ جانے سے پیٹ بڑھ جاتے ہیں اور بڑھاپا آ جاتا ہے جس پر دونوں اعلیٰ آفیسرز ہنس پڑے اور سامعین بھی محظوظ ہوئے ۔
عمران خان نے شہباز شریف پر کڑی تنقید کی اور اس کے مقابلہ میں تقریب میں عثمان بزدار کی بہت تعریف کی اور انہیں بہترین چیف منسٹر قرار دیا، جس پر بزدار بہت خوش ہوئے، پی ٹی آئی ضلع میانوالی کے چیدہ چیدہ افراد کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ عمران خان کے ساری تقریر میں ایجوکیشن، پاکستان، مدینہ کی ریاست، زراعت، نمل کالج کے اوصاف اور خصوصیات بیان کرتے رہے۔ عمران خان نے 27جنوری میانوالی شہر میں جلسہ سے خطاب کو منسوخ کرنے کے بارے کوئی بات تک نہ کی۔ اپنے آبائی پسماندہ ترین حلقہ این اے 95عیسی خیل تحصیل اور میانوالی کے لئے کوئی خاص اعلان یا بات تک نہ کی۔ عمران خان ہیلی کاپٹر پر آئے اور واپس ہیلی کاپٹر پر ہی چلے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن