پاکستان آبی وسائل سے معاشی فائدہ اٹھا رہا ہے نہ خشک سالی سے نمٹنے کیلئے میکنزم : ورلڈ بینک
اسلام آباد (آن لائن) ورلڈ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے پاکستان اپنے آبی وسائل سے معاشی فائدہ نہیں اٹھا رہا اور ملک میں پانی کا بہتر طریقے سے استعمال بھی نہیں کیا جاتا۔ عالمی بینک کی جانب سے پاکستان پانی سے زیادہ حاصل کررہا کے عنوان سے شائع رپورٹ میں بتایا گیا پاکستان میں جی ڈی پی کا 4 فیصد یا تقریباً 12 ارب روپے سالانہ پانی، نکاسی، سیلاب اور خشک سالی پر خرچ ہورہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انڈس ڈیلٹا کے انحطاط سے معیشت کو ہونے والا نقصان تقریباً 2 ارب ڈالر سالانہ ہے جبکہ آلودگی اور دیگر ماحولیاتی انحطاط کا جائزہ نہیں لیا جاسکا۔ معاشی فوائد اور لاگت کے یہ اندازے ثابت کرتے ہیں ملک کے پانی کے وسائل سے معاشی طور پر فائدہ نہیں ہورہا۔ رپورٹ میں کہا گیا ملک میں پانی کے استعمال کا طریقہ کار صحیح نہیں، زراعت کے شعبے میں سب سے زیادہ پانی کا استعمال کیا جاتا ہے جو ملک کی جی ڈی پی کا پانچواں حصہ ہے تاہم اس کا صرف آدھا حصہ سیراب فصلوں سے ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا پانی سے معیشت کے دیگر شراکت داروں کا صحیح اندازہ لگانا نہایت مشکل ہے تاہم ہائیڈرو پاور جنریشن اس میں نمایاں ہے جس کی موجودہ مارکیٹ کی قیمت ایک ارب سے 2 ارب ڈالر تک ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا پانی اور پانی پر منحصر نظام کو ماحولیاتی اثرات پر بہت کم توجہ دی جاتی ہے، دریا، جھیل، نم زمین اور انڈس ڈیلٹا تنزلی کا شکار ہیں اور اس تنزلی سے حیاتیاتی نقصان، صاف پانی اور مچھلیوں کے ذخائر میں کمی سمیت دیگر ماحولیاتی نقصانات ہورہے ہیں اور ان میں ساحلی مینگروو جنگلات کی جانب سے طوفان سے تحفظ بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ پانی کا بے جا اخراج اور آبادی کا بڑھنا بھی اس کی تنزلی کی اہم وجہ ہے۔ مذکورہ رپورٹ کے مطابق خراب پانی کے ذخائر کے انتظامات اور پانی فراہم کرنے کے نظام میں خرابی کی وجہ سے پانی کے تحفظ کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے جس میں آبپاشی اور نکاسی، مقامی پانی کی فراہمی اور صفائی بھی شامل ہے، اس کے ساتھ ساتھ چند بڑھتے ہوئے، پانی سے متعلق طویل المدتی خدشات پر بھی کام نہیں کیا جارہا۔ رپورٹ میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی آبی ذخائر کے انتظامات پانی کے ڈیٹا اور معلومات کی کمی، آبی ذخائر کی منصوبہ بندی کا کمزور ہونا، ماحولیاتی طور پر غیر مستحکم پانی کا اخراج، آلودگی اور زراعت میں پانی سے پیداوار میں کمی پر سمجھوتہ کیا جارہا ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا صوبوں میں شعبوں کے درمیان پانی کے کم یا زیادہ ہوتے مطالبات یا شدید خشک سالی سے نمٹنے کے لیے میکانزم موجود نہیں ہے جبکہ ماحولیاتی تبدیلی اور پانی کی مانگ میں اضافے سے یہ خامیاں بدتر ہونے کی خدشہ ہے۔مجموعی طور پر اس شعبے میں فنڈز، تجویز کردہ سطح سے بھی نیچے ہے اور یہی صورتحال انفراسٹرکچر، اصلاحات اور اداروں کی بہتری، شہری سہولیات، سیلاب کی معلومات اور ماحولیاتی انتظامات کی بھی ہے۔
ورلڈ بنک