وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آج سے مسقط کا تین روزہ دورہ کرینگے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کل آج منگل سے مسقط کا تین روزہ دورہ شروع کر رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اپنے عمانی ہم منصب یوسف الاوی سے مذاکرات کریں گے۔ وزیر خارجہ سلطان قابوس بن سعید السعیدسے بھی ملیں گے۔ پاک عمان وزرا خارجہ دونوں ممالک کے مشترکہ اکنامک کمیشن کے ساتویں دور کی صدارت کریں گے۔ وزیرخارجہ عمان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کریں گے۔ وزیرخارجہ عمان کے کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں سے ملیں گے۔ پاکستان میں متعین برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے گزشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پرملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون سمیت دیگر اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ طرفین نے عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔پاک برطانیہ تعلقات میں مزید بہتری کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں، پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد برطانیہ میں مقیم ہے۔ دریں اثناءمخدوم شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز وزارت خارجہ میں گندھارا تہذیب اور ورثہ منعقدہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکھ برداری کو سہولتیں دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔کرتار پور راہداری پر سکھ کمیونٹی کا بہت مثبت رد عمل آیا ہے۔ اس فورم میںسیکرٹری خارجہ، وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام، سفیر، ہائی کمشنرز کے علاوہ صوبائی وزیر سیاحت خیبر پختونخوا عاطف خان اور ماہرین گندھارا تہذیب شریک ہوئے۔
شاہ محمود/ مسقط