پاکستان اور چین کا 2019ءکو اقتصادی تعاون کا سال قرار دینے پر اتفاق
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور چین نے 2019ءکو اقتصادی تعاون کا سال قرار دینے پر اتفاق کیا ہے، جس کا مقصد صنعتی تعاون کا فروغ اور گوادر پورٹ کو عالمی معیار کے برابر لانا ہے۔سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ پاکستان اور چین نے سی پیک کے تحت مشترکہ منصوبوں اور برآمدات کو فروغ دے کر 2019ءکو اقتصادی تعاون کا سال قرار دینے پر اتفاق کیا ہے۔ صنعتی تعاون کے بارے میں آٹھویں مشترکہ رابطہ کمیٹی میں منظور ہونے والی مفاہمت کی یادداشت ٹیکسٹائل، پیٹرو کیمیکل، لوہے اور سٹیل جیسی اہم صنعتوں کے حوالے سے رابطوں کو فروغ دینے کے لئے لائحہ عمل فراہم کرتی ہے جو چینی سرمایہ کاروں کو اپنے کاروبار کو منتقل کرنے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش کے لئے حوصلہ افزائی کرتی ہے۔حکام کے مطابق پاکستان مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک بن سکتا ہے۔حکام کے مطابق حکومت پاکستان ان پالیسیوں پر کام کر رہی ہے جن سے کم وقت میں کاروبار کیلئے آسانی میں بہتری آئے گی۔حکام کے مطابق دونوں فریقوں نے زراعت، تعلیم، طبی علاج، غربت کے خاتمے، پانی کی فراہمی اورپیشہ وارانہ تربیتی منصوبوں سمیت پہلے سے طے کردہ اقدامات پر فوری عملدرآمد کیلئے طریقہ کار تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
سی پیک سیکرٹریٹ