بھارتی انتہا پسند جماعت نے عامر خان نصیر الدین شاہ، سدھو کو غدار قرار دے دیا
ممبئی(آئی این پی) بھارتی ہندو انتہا پسند جماعت راشٹریہ سیوک سنگھ کے سربراہ اندریش کمار نے اداکار عامر خان، نصیرالدین شاہ اورسیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کو غدار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ عزت کے قابل نہیں ہیں۔ اندریش کمار کا کہنا تھا کہ بھارت میں اجمل قصاب، یعقوب اور عشرت جہاں جیسے مسلم نوجوانوں کی کوئی ضرورت نہیں، سوائے ان لوگوں کے جو سابق بھارتی صدر اے پی جے عبدالکلام کے دکھائے راستے پر چلتے ہیں۔ جب کہ وہ لوگ جو اجمل قصاب جیسے لوگوں کے راستے پر چلتے ہیں انہیں غدار تسلیم کیاجائے گا۔آر ایس ایس لیڈر نے کہا نوجوت سنگھ سدھو، نصیرالدین شاہ اورعامر خان اچھے اداکار ہوں گے لیکن یہ لوگ عزت کے قابل نہیں یہ غدار ہیں،واضح رہے کہ اداکار نصیرالدین شاہ نے کچھ عرصہ قبل کہا تھا کہ بھارت میں رہ کر وہ اپنے بچوں کے لیے فکر مند ہیں کیونکہ یہاں گائے کی جان پولیس اہلکار کی جان سے زیادہ قیمتی ہے۔ اسی طرح اداکار عامر خان نے 4 برس قبل اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ ملک کے حالات دیکھتے ہوئے بھارت چھوڑنے پر غور کررہے ہیں۔ جب کہ سابق بھارتی کرکٹر اورسیاستدان نوجوت سنگھ سدھو بے خوف ہوکرکئی بار پاکستان کے لیے اپنی محبت کا میڈیا پر اقرار کرچکے ہیں۔