شہباز شریف کی درخواست ضمانت ، جواب جمع کرانے کے لئے نیب کو آخری موقع
لاہور (وقائع نگار خصوصی+ کامرس رپورٹر) ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی رمضان شوگر ملز کیس اور آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں درخواست ضمانت پر نیب کو جواب کے لئے آخری موقع دیتے ہوئے کارروائی 6فروری تک ملتوی کردی۔ بار بار تاریخ مانگنے پر عدالت نے نیب پراسیکیوٹر پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ اتنا فائلوں کا ڈھیر لگا ہوا ہے اور دلائل دینے کے بجائے تاریخ مانگتے ہیں۔ مزید تاخیر برادشت نہیں کریں گے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر اکرم قریشی کو دلائل دینے کا حکم دیدیا۔ جسٹس ملک شہزاد احمد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے نیب کے وکیل سے جواب طلب کیا تو وکیل نے استدعا کی کہ ہمیں جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے۔ عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ کیسے کام کررہے ہیں ہر بار مہلت کی استدعا کررہے ہیں۔ آپ جواب جمع کراتے رہنا۔ دیکھیں کتنی فائلیں جمع ہو گئی ہیں۔ آپ نے ریفرنس دائر کردیا ہے اب آپ کے کمنٹس کی ضرورت نہیں۔ عدالت نے نیب وکیل کو خاموش رہنے کا حکم دیتے ہوئے شہباز شریف کے وکیل کو دلائل دینے کا حکم دیا۔ شہباز شریف کے وکیل نے بتایا کہ شہباز شریف کو 64دن ریمانڈ پر رکھا اب پھر نیب تاریخ مانگ رہا ہے اتنے دنوں کا ریمانڈ تو دہشت گردوں کا نہیں ہوتا جتنے روز کا ریمانڈ شہباز شریف کا کیا گیا۔ شہباز شریف کے وکیل سے عدالت نے استفسار کیا کہ آپ یہ بتائیں آپ کا پیرا گون سے کیا تعلق ہے۔ شہباز شریف پر نیب نے تو متعدد الزامات لگائے ہیں۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف کا پیرا گون سے کوئی تعلق نہیں۔ عدالت نے پوچھا کہ پی ایل ڈی سی کے بورڈ کو اختیار تھا کہ وہ آشیانہ کا ٹھیکہ دیتا۔ شہباز شریف نے بطور وزیراعلی یہ اختیار ایل ڈی اے کو دے دیا۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پی ایل ڈی سی کے بورڈ نے متفقہ طور پر 2014 میں یہ اختیار ایل ڈی اے کو دیا۔آشیانہ میں ایک انچ زمین اور ایک روپیہ ضائع نہیں۔ ہوا مگر اسے میگا سکینڈل قرار دیا جا رہا ہے۔ شہباز شریف اپوزیشن لیڈر ہیں اور تمام زندگی ملک کی خدمت کی جس پر بنچ نے باور کرایا کہ ان باتوں کو چھوڑیں فیصلے قانون کے مطابق ہونے ہیں۔ علاوہ ازیں ہائیکورٹ نے شہباز شریف، خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی گرفتاری کیخلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور نیب کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ علاوہ ازیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے شہباز شریف کی بیرون ملک جائیدادوں سے متعلق تفصیلاتنیب میں جمع کروا دیں۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کے اثاثوں کی تحقیقات میں پیشرفت سامنے آئی ہے۔ شہباز شریف کے لندن میں 4فلیٹس ہیں جن میں 30بارکلے سٹریٹ پر فلیٹ نمبر 2، رچبورن کورٹ ہیروبائے سٹریٹ پر فلیٹ 10، لندن سٹنس روڈ پر فلیٹ نمبر 32اے اور ویسٹ ٹاور پین پننسولہ مارش میں فلیٹ 409شامل ہیں۔ شہباز شریف نے یہ تمام فلیٹس 2005ء سے 2007ء کے دوران خریدے تھے۔ لندن میں خریدے گئے 3فلیٹس 80فیصد ادائیگی رہن اور بینکوں کے قرضے کے ذریعے کی گئی جبکہ 20 فیصد رقم نقد جمع کرائی گئی تھی۔