جبری گمشدگیاں روکنے کے لئے قانون سازی کررہے ہیں: وزیراعظم
اسلام آباد (نیشن رپورٹ+نمائندہ خصوصی+ اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے انسانی حقوق کے تحفظ اور اقلیتوں و کمزور طبقات کے حقوق کے فروغ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے ملک کے تمام حصوں سے جبری مشقت کے مکمل خاتمہ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں، انہوں نے یہ ہدایت یہاں جی ایس پی پلس کے بارے میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کلبوں (اسلام آباد کلب، جمخانہ وغیرہ) اور دیگر عوامی مقامات پر گھریلو خادمائوں، آیائوں اور گھریلو ملازمین کی آزادانہ نقل و حرکت کو محدود کرنے والے تمام امتیازی سائن بورڈز فوری طور پر ہٹا دیئے جائیں۔ وزیراعظم نے ادارہ شماریات کو ہدایت کی بچوں سے مشقت کے بارے میں ملک گیر سروے کرے اور بعد ازاں ایسے بچوں کو غربت سے نکالنے اور ان کی تعلیم کیلئے اقدامات اٹھانے کے بارے میں جامع حکمت عملی وضع کرے۔ پاکستان ضابطہ فوجداری میں ضروری ترامیم متعارف کرا کر جبری لاپتہ معاملہ کو قابل تعزیر ٹھہرایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا انسانی حقوق کا تحفظ اور اسے یقینی بنانا ہمارا مذہب کا اہم جزو اور ہمارے آئین کا حصہ ہے، حکومت انسانی حقوق کے تحفظ اور اقلیتوں اور معاشرہ کے کمزور طبقات کے حقوق کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے جبری مشقت کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پبلک مقامات پر ملازمین سے متعلق ہتک آمیز سائن بورڈز کو فوری ہٹایا جائے یہ کارروائیاں بلاتفریق و امتیاز کے یکساں طور پر کی جائیں۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے سلسلے میں اجلاس ہوا، اجلاس میں وزارتِ خزانہ اور سٹیٹ بنک کی جانب سے ہاؤسنگ فنانسنگ کے ضمن میں بنکوں کو مراعات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس اقدام کا مقصد کم آمدنی والے افراد کو بنکوں کی جانب سے آسان قرضوں کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام سے استفادہ کر سکیں۔ وزارتِ خزانہ اور سٹیٹ بنک کی جانب سے بنکوں کو دی جانے والی مراعات کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ کم آمدنی والے افراد کے لیے اپنے ذاتی گھروں کے حصول کے خواب کو ممکن بنانے کے لیے ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے ،پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے پراجیکٹ سے نہ صرف کم آمدنی والے افراد کو گھر کی سہولت میسر آئے گی بلکہ معیشت کا پہیہ چلے گا اور نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع میسر آئیں گے۔فورکلوڑر اور ریئل سٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قوانین کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ دریں اثنا وزیراعظم موسمیاتی تبدیلی کے مشیر امین اسلم، ادار ہ جاتی اصلاحات کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، وفاقی وزیر امور کشمیر امین خان گنڈا پور نے الگ الگ ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ جبری گمشدگی روکنے کیلئے قانون سازی کا عمل جاری ہے، یہ ملک میں بڑا مسئلہ جو انسانی حقوق کے ریکارڈ پر دھبہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا حکومت انسانی حقوق کے تحفظ اور اقلیتوں کے حقوق کی ترقی کیلئے پرعزم ہے۔ وہ جی ایس پی پلس کے اجلاس میں گفتگو کررہے تھے۔