میرا لیڈر تعریف کرتا ہے تو لوگوں کوگلہ کیوں: عثمان بزدار
لاہور+ٹوبہ ٹیک سنگھ(نیوز رپورٹر+نامہ نگاران) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے دورہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دوران شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات اور عوامی شکایات پرفوری ایکشن لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کو ایس اینڈجی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل میں کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں اور عوام کے مسائل حل نہ کرنے والے افسروں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا ہے کہ میرا لیڈر میری تعریف کرتا ہے تو لوگوں کو کس بات کا گلہ ہے ۔ پنجاب کے لئے جو کچھ کرسکا ضرورکروںگا۔ سانحہ ساہیوال کیلئے 72گھنٹے میں جو کیا ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔جے آئی ٹی درست طریقے سے کام کررہی ہے ،اقدامات کی مکمل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔انصاف کی فراہمی کیلئے ہر حد تک جائینگے۔متاثرہ خاندان کو سینٹ کمیٹی میں بلانے میں پنجاب حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں ۔پولیس کو عوام دوست رویہ اپنانا ہوگا۔ کرپشن اورغیر قانونی کاموں کا نوٹس لیا ہے ۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں واٹر سپلائی کی اینٹی کرپشن سے تحقیقات کرائیںگے۔پہلی حکومت ہے جو نچلی سطح تک جا کر عوام کے مسائل سے آگاہی حاصل کررہی ہے۔ عوام کیلئے ہر ڈسٹرکٹ اور ڈویژن میں جانے کی مہم شروع کی ہے۔ حکومت اورانتظامیہ عوام کے مسائل سے آگاہی حاصل کررہی ہے۔قبل ازیں عثمان بزدار ٹوبہ ٹیک سنگھ آمد کے فوراً بعد ڈپٹی کمشنر آفس پہنچے، شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اورمہم کی کامیابی کیلئے دعا کی۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے ڈپٹی کمشنر آفس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اعلی سطح کا اجلاس کی صدارت کی جس میں ترقیاتی منصوبوں،فلاح عامہ کی سکیموں اورامن وامان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ترقی کا سفر پسماندہ علاقوں کی جانب موڑ دیا ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فلاح عامہ کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ عمران خان کی قیادت میں ہر علاقہ ترقی کے سفر میں شامل ہو رہا ہے۔ماضی کے حکمرانوں نے غلط پالیسیوں کے باعث ترقی کو مخصوص شہروں تک محدود رکھا۔ تحریک انصاف یکساں ترقی پر عمل پیرا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گرلز سکول کیلئے بس کی فراہمی یقینی بنائیںگے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انڈسٹریل زون کا قیام عمل میں لائیںگے۔ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی توسیع کا جا ئزہ لیا جائے گا۔ ہر ضلع میں یوتھ سینٹر اور وویمن سینٹر کا قیام ایک اچھا آئیڈیا ہے ان سینٹرز کے قیام کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنہوں نے سرکاری وسائل لوٹے ہیں ان سے پائی پائی کا حساب لیںگے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فلاح عامہ کی سکیموں کی خود نگرانی کروں گا۔ کمالیہ اورگوجرہ میں ریسکیو 1122کی سروس کو فوری شروع کیا جائے گا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں امن کارواں کا آغاز ایک اچھا اقدام ہے،اس ماڈل کو دیگر شہروں میں بھی شروع کیا جائے گا۔ڈولفن فورس کا دائرہ کار ہر ضلع تک بڑھائیںگے۔ جرائم پر قابو پانے اورعوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز،آر پی اوز اورڈی پی اوز باقاعدگی سے کھلی کچہریاں لگائیں اورعوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ عثمان بزدارسے تحریک انصاف ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ٹکٹ ہولڈرزنے ملاقات کی ۔ٹکٹ ہولڈرز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تحریک انصاف کو مزید مضبوط بنائیںگے۔ مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے سٹی ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کر کے طبی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں موجود عملے سے گفتگو کی ۔ملتان میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا ہے کہ انسانی جان سے زیادہ قیمتی کوئی چیز نہیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ پولیس کے رویوں میں تبدیلی لائے بغیر پولیس کلچر بدلنا ممکن نہیں۔ انسانی جان کی قدر و منزلت سب سے اعلیٰ و ارفع ہے۔ نبی کریم ﷺ نے اپنے عمل سے عوام کی حفاظت پر مامور ہر فورس کیلئے راہ عمل متعین کر دی جس میں انسانی جان کی حرمت پر زور دیا گیا۔ کسی انسان کی خدمت اور حفاظت سے بڑھ کر کوئی نیکی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ تھانے میں ہر آنے والے کو سائل نہیں بلکہ معاشرے کا معزز شہری سمجھا جائے۔ امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف موثر کارروائیوں کیلئے عوام کا تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور عوام کا بھرپور تعاون حاصل کرنے کیلئے بنیادی چیز پولیس کے رویوں میں تبدیلی ہے۔ خوش اخلاقی کا برتائو کیا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہماری پولیس مثالی نہ بن سکے۔ پنجاب پولیس کو دوسرے صوبوں کیلئے مثال بننا چاہئے۔ محکمہ پولیس میں میرٹ پر بھرتیاں قابل تحسین ہیں۔ پنجاب پولیس نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے شاندار خدمات سرانجام دیں۔ افسروں اور جوانو ںنے اپنی جانوں کے قیمتی نذرانے پیش کئے۔ قوم ان کی قربانیوں کو سراہتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پولیس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ملتان کی ٹریننگ کالج اپ گریڈیشن کے منصوبے کا افتتاح کیا اور پرنسپل کے عہدے کو ایس ایس پی سے ڈی آئی جی اپ گریڈ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ عثمان بزدار نے دورہ ملتان کے موقع پر بعض دکانیں بند کرانے کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونیوالی خبر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویژن اور آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔