سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن شہباز سینئر نے استعفیٰ واپس لے لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر نے وفاقی سیکرٹری آئی پی سی کے کہنے پر اپنا ستعفٰی واپس لے لیا اور مستقبل میں پاکستان ہاکی کی بہتری اور روشن مستقبل کے لیے کام جاری رکھنے کا عزم ظاہر کر دیا۔ سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر نے کہا کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری اکبر درانی نے قومی کھیل کی بہتری اور ویژن 2020ء کی تکمیل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تعاون پر سیکرٹری آئی پی سی کے شکرگزار ہیں۔ قومی کھیل کی بہتری کے لیے ٹریننگ کی سہولیات کا فقدان ہے جس کے لیے حکومتی تعاون بہت ضروری ہے، جدید خطوط پر ٹریننگ سے ہی دنیا کی بہترین ٹیموں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، دنیا ہاکی پر بہت زیادہ خرچ کر رہی ہے اور نتائج کے حصول کے لیے ہمیں بھی انتظار کرنا ہو گا۔پی ایچ ایف کو جاب سینٹر نہ بنایا جائے، تنقید برائے تنقید صرف اور صرف پاکستان اور ہاکی کا نقصان کرے گی۔ بین الاقوامی سطح پر ملک کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کر رہے ہیں اس سلسلے میں ایف آئی ایچ کی میٹنگز میں بھی آواز اٹھائی ہے، امید ہے کہ حکومتی تعاون سے قومی کھیل میں بہتری آئے گی۔سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ نے ملاقات میں فنڈز کا بندوبست کرنے کے لیے مختلف تجاویز بھی مانگی ہیں، اس سلسلے میں ہم جلد ان کو تجاویز بھی دیں گے۔