سندھ اسمبلی میں پی پی‘ پی ٹی آئی آمنے سامنے‘ گالی دینے کے الزامات‘ 18 ویں ترمیم پر ہر حد تک جائیں گے : مراد علیشاہ
کراچی(صباح نیوز + آئی این پی ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم اداروں کو تباہ نہیں ہونے دیں گے اور اپنا حق لیکر رہیں گے۔ سندھ اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا انہیں یقین ہے این آئی سی وی ڈی سے متعلق معاملہ واپس ہو جائے گا۔ ہم ان اداروں کو تباہ نہیں ہونے دیںگے۔ مراد علی شاہ نے کہا جناح ہسپتال کا اس وقت بجٹ پانچ ارب روپے ہے۔ انہوں نے کہا یہ ہسپتالوں کی وفاق کو منتقلی کے حوالے سے اٹھارہویں ترمیم کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں‘ لیکن ہم بھی اٹھارہویں ترمیم کے معاملے میں آخری حد تک جائیںگے۔ انہوں نے کہاکہ اپنا حق لینے کیلئے اپوزیشن بھی ہمارا ساتھ دے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ینگ ڈاکٹرز کا معاملہ سندھ حکومت ہی حل کریگی جبکہ وفاقی حکومت نے سوچ لیا ہے کہ ڈاکٹروں کو فارغ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت شعبہ صوبائی معاملہ ہے اور صحت میں قانون سازی سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔ دعویٰ سب کرتے ہیں لیکن کام کوئی نہیں کرتا‘ تاہم سپریم کورٹ کے فیصلے سے انحراف نہیں ہے۔ ادارے سندھ حکومت نے بنائے ہیں اور یہ سندھ کے ہی ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے ہم سے تینوں ہسپتال لے لئے ہیں۔ سیٹلائٹ سینٹر سندھ حکومت کی ملکیت ہے جبکہ گزشتہ روز گمبٹ ہسپتال کا افتتاح بھی ہم نے کر دیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاق ہم سے جناح ہسپتال اور این آئی سی وی ڈی لے رہا ہے‘ لیکن ہم وفاق سے اپنا حق لیں گے۔ جناح ہسپتال کا بجٹ پانچ ارب روپے سے زائد کا ہے۔ جبکہ جناح ہسپتال کے ایک چھوٹے سے حصے پرآٹھ کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں اور اس چھوٹے سے حصے کی وجہ سے اسے وفاق کو دینے کا کہا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتالوںکے معاملے پر اپوزیشن سے درخواست کی وہ بھی اس معاملے پر ہمارا ساتھ دے۔
کراچی (نیوز ایجنسیاں)سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی ہے۔ پی پی اور پی ٹی آئی ارکان ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے۔ اجلاس کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے ایک دوسرے پر الزام لگایا ہے کہ ایوان میں گالی دی گئی ہے۔ بدھ کو سندھ اسمبلی اجلاس کااجلاس سپیکرسندھ اسمبلی آغاسراج درانی کی صدارت میں ہوا۔دوران اجلاس اپوزیشن اور حزب اقتدار کے درمیان ہنگامہ آرائی ہوئی ،اجلاس شور شرابے کی نظر ہو گیا، ایوان میں پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے ارکان آمنے سامنے آ گئے۔اپوزیشن ارکان نے الزام لگایاکہ حزب اقتدار کی بنچوں سے گالی دی گئی ہے، اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نے سپیکر آغا سراج درانی سے کہا کہ انہوں نے گالی دینے کے معاملے پرکیا کیا؟۔ سپیکر نے استفسار کیا کہ کس نے گالی دی ہے؟ گالی دی گئی ہے تو ریکارڈنگ ہوگئی ہے، چیک کرائیں گے۔پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی امتیاز شیخ نے کہا کہ کسی نے گالی نہیں دی، اسمبلی کا ماحول خراب کرنے کی سازش کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ گالی دینا پاکستان پیپلز پارٹی کی روایت نہیں، ہم گالی دینے کی ترید کرتے ہیں۔
سندھ اسمبلی