• news

ایران میں جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے شواہد نہیں ملے : امریکی خفیہ ایجنسی

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی انٹیلی جنس کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار تیار نہیں کر رہا ہے جب کہ شمالی کوریا کے اپنے تمام ایٹمی تنصیبات کے خاتمے کا بھی کوئی امکان نہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سینیٹ میں انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان نے رپورٹ پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ ایران کے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے شواہد نہیں ملے جب کہ شمالی کوریا کے جوہری ہتھیار تلف کرنے کے امکانات بھی نہایت کم ہیں۔ امریکی قومی انٹیلی جنس ادارے کے ڈائریکٹر ڈین کوٹس نے مزید بتایا کہ ایران کا بیلسٹک میزائل پروگرام خطے میں سب سے بڑا ہے جو مشرقِ وسطیٰ کے لیے مسلسل خطرہ ہے تاہم خلا میں مشن بھیجنے کے بعد ایران کے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کی ٹائم لائن مختصر ہو گئی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹس میں اس بار امریکی انٹیلی جنس اہلکاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران کے معاملے میں بہت بھولے بنے ہوئے ہیں اور انہیں چاہیے کہ وہ اسکول میں داخل ہوکر اپنا سبق دوبارہ پڑھیں۔ اس کے ردِ عمل میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے روایتی لہجے میں کہا ہے کہ ’ بظاہر ایسا لگ رہا ہے ایران کے خطرات کے متعلق انٹیلی جنس اہلکار نہایت ہی بھولے اور بے عمل ثابت ہوئے ہیں اور وہ غلطی پر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن