اسرائیلی کھلاڑیوں کے داخلے پر پابندی کے فیصلے پر قائم ہیں:ملائیشیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)ملائیشیا کی حکومت نے پیراکی کی اولمپک کھیلوں میں اسرائیلی کھلاڑیوں کو شامل نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جولائی 2019 میں کوالالمپور میں ہونے والے کھیلوں میں اسرائیلی کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا جائے گا۔ملائیشیا کے وزیر برائے کھیل صادق عبدالرحمان نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کی رواداری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ملائیشیا انسانی بنیادوں پر فلسطینی شہریوں کو اپنے ملک میں داخلے کی ہر ممکن اجازت اور سہولت فراہم کرے گا مگر اسرائیل کے لیے ہمارے ملک میں کوئی جگہ نہیں۔ کسی دوسرے ملک کے کھلاڑیوں کو میچ میںشرکت کی اجازت دینا یا نہ دینا کوئی اہمیت نہیں رکھتا، ہمارے لیے فلسطینی قوم اور قضیہ فلسطین کا دفاع اہم ہے۔ اسرائیلی رجیم فلسطینیوں کے قتل عام اورجیلوں میں انہیں اذیتوں کا نشانہ بنانے میں ملوث ہے اور ہمیں فلسطینیوں کی حمایت میں آواز بلند کرنے میں کوئی عار نہیں۔ کسی عالمی کھیل کے مقابلے کی میزبانی سے زیادہ اسرائیلی حکومت کے مظالم کو اجاگر کرنا اہم ہے۔