دنیا کے محنتی ترین استاد کا اعزاز پاکستانی ٹیچر نے حاصل کر لیا بھارت سمیت کئی ملکوں سے مقابلہ تھا
لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستانی استاد نے کیمبرج یونیورسٹی پریس کی جانب سے دنیا کے محنتی ترین استاد کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔ کیمبرج یونیورسٹی پریس کی جانب سے رواں سال کے ڈیڈیکیٹڈ ٹیچر ایوارڈ کی حتمی نامزدگیوں میں 6 اساتذہ کو منتخب کیا گیا جن میں پاکستانی ٹیچر احمد سایاں بھی شامل تھے۔ کیمبرج یونیورسٹی پریس کی ویب سائٹ پر جاری تفصیلات کے مطابق محنتی ترین استاد کیلئے طلبہ کی جانب سے 4 ہزار نامزدگیوں میں سے 50 کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ ابتدائی نامزدگیوں کے بعد موجودہ ٹیچرز ماہرین تعلیم اور مصنفین پر مشتمل پینل کیمبرج یونیورسٹی اور کیمبرج یونیورسٹی پریس کے بورڈ ارکان نے 6 نامزدگیوں کو مقابلے کے آخری مرحلے کیلئے منتخب کیا تھا۔ حتمی نامزدگیاں ٹیچرز کے معیار تعلیم، طلبہ کی ہر وقت مدد کرنے کے جذبے، تعلیم میں ان کی دلچسپی بڑھانے اور انہیں مستقبل کیلئے تیار کرنے کی کوشش کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئیں۔ احمد سایاں کا انتخاب بھی طلبہ کے مستقبل کو سنوارنے کیلئے ان کی انتھک محنت، ہر طالب علم کی مشکل کو انفرادی طور پر حل کرنے کے جذبے اور انہیں معاشرے کا ذمہ دار شہری بنانے کی کوششوں کے اعتراف میں کیا گیا۔ حتمی نامزدگی کیلئے منتخب ہونے والے دیگر اساتذہ میں سری لنکا کے انتھونی شیلیا، آسٹریلیا کی کیڈیس گرین بھارت کے ابھینندن بھٹا چاریا فلپائن کے جمرے ڈائن اور ملائیشیا کی شارون کونگ فونگ شامل تھے۔ احمد سیاں گزشتہ 18 سالوں سے تعلیم کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ اپنے اے لیول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے اپنے پسندیدہ مضامین اکاﺅنٹنگ اور ریاضی میں اپنی تعلیم کو آگے بڑھایا اور برطانیہ کی آکسفورڈ بروکس یونیورسٹی سے بی ایس سی (آنرز) کی ڈگری حاصل کی اور بعد ازاں انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ سے اپنا ماسٹرز مکمل کیا۔
محنتی استاد