• news

5 فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منائیںگے: فواد چوہدری

اسلام آباد(اے این این)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منائیںگے ‘ پورے پاکستان میں جلسے ‘ جلوس ‘ ریلیاں اور سیمینار کا انعقاد کریں گے ‘ بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو یورپی دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا ‘ یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں سمیت آل پارٹی کانفرنس کا بھی انعقاد کیا جائے گا ‘ جس میں حکومت آزادکشمیر کی بھی بھرپور نمائندگی ہو گی ‘ گزشتہ روز اپنے آفس چیمبر میں آزادکشمیر سنٹرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی صدر جاوید چوہدری کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مزید کہا کہ آزادکشمیر بھر کے صحافیوں سے بھی ملاقات کروں گا۔ آزادکشمیر کے جملہ صحافیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کےلئے عملی جدوجہد کر رہے ہیں ‘ پہلی دفعہ پاکستان میں اطلاعات نے اے بی سی اور میڈیا لسٹ کے عمل کو سہل ‘ صاف و شفاف بنا دیا ہے ‘ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو الگ الگ کیٹگریز میں تقسیم کر دیا ہے ‘ پرنٹ میڈیا کی اپنی اور الیکٹرانک میڈیا کی اپنی اہمیت ہے ‘ اس لیے ہم نے کاغذ پر 5 فیصد سیلز ٹیکس کو بھی ختم کرتے ہوئے ڈیوٹی فری کر دیا ہے اب جو اخباری کاغذ کا بحران تھا وہ حل ہو چکا ہے اس لیے اب صحافیوں کے مسائل کی جانب اخباری مالکان کو توجہ دینی چاہیے ۔ ورکنگ جرنلسٹس کسی بھی ادارہ میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتے ہیں ‘ اس لیے اُن کے مسائل کا تدراک ہونا چاہیے۔
فواد چودھری

ای پیپر-دی نیشن