• news

پاکستان سپر لیگ کو کامیاب برانڈ بنانے کیلئے کردار ادا کیا :عاطف رانا

لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان سپر لیگ کو کامیاب برانڈ بنانے اور اسے سارا سال متحرک رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ یہ ہماری پاکستان کرکٹ کیساتھ کمٹمنٹ تھی۔ ہم اس شعبے میں صرف بزنس کیلیے نہیں بلکہ ملکی کرکٹ اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی خدمت کا عزم لیکر آئے تھے۔ اپنے مالی نقصان اور بڑے خسارے کے باوجود کھیل کی سرگرمیاں جاری رکھی ہیں۔ مستقبل میں بڑے پیمانے پر نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ ہمارا پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہے۔ ہمارا مقصد ملک کے طول وعرض میں پھیلے ٹیلنٹ کو سامنے لانا انہیں کھیل کے مواقع فراہم کرنا اور صلاحیتوں کے اظہار کیلیے میدان فراہم کرنا ہے۔ ہم درجہ بندی کے قائل نہیں ہیں۔ ہماری درجہ بندی اور مقبولیت کا پیمانہ ملک کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے ذریعے ملکی کرکٹ میں نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہوئی‘ بچے جب آسٹریلیا میں کھیلتے ہیں ملک کا نام روشن ہوتا ہے، کوئی باجوڑ سے آتا ہے،کوئی کشمیر کی نمائندگی کر رہا ہے، یوں سارا ملک کرکٹ کے ذریعے متحد ہو رہا ہے اور ہم مستقبل میں ایسی سرگرمیوں میں اضافہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن