فنڈز نہیں ‘پی ایچ ایف نے انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کو لیگ میں عدم شرکت پر جواب دیدیا
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی کو پرو ہاکی لیگ میں عدم شرکت پر جواب دے دیا۔ ایف آئی ایچ نے پرو ہاکی لیگ میں شرکت نہ کرنے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن سے اکتیس جنوری تک وضاحت طلب کی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف نے فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی کو اپنے جواب میں فنڈز کی عدم دستیابی کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت نہ کرنے کی وجہ قرار دیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جواب میں موقف اختیار کیا ہے کہ ہم پرو ہاکی لیگ میں شرکت کرنا چاہتے تھے تاہم وسائل نہ ہونے کی وجہ سے اس اہم نوعیت کے مقابلوں میں شرکت نہیں کر سکے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ سے عالمی مقابلوں میں حصہ لینے کی دو سالہ پابندی اور تیس ہزار سوئس فرینک جرمانہ عائد نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی نے وضاحت طلب کرتے ہوئے پی ایچ ایف پر دو سال تک ہر سطح کے مقابلوں میں شرکت کی پابندی اور پرو لیگ میں شرکت نہ کرنے پر تیس ہزار سوئس فرینک جرمانہ عائد کرنے بارے لکھا تھا۔ پی ایچ ایف نے مشکل مالی حالات کو بنیاد بنا کر ایف آئی ایچ سے نرم رویہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن انتظامیہ کو ان دنوں بدترین مالی بحران کا سامنا ہے۔ فیڈریشن حکام نے پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے لیے حکومت سے خصوصی گرانٹ جاری کرنے کی اپیل کی تھی تاہم حکومت کی طرف سے کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔ ہاکی فیڈریشن نے پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے لیے تربیتی کیمپ بھی لگایا تھا سینئر کھلاڑیوں کو ڈراپ کرتے ہوئے ٹیم کا اعلان بھی کیا گیا لیکن فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے پرو لیگ میں شرکت نہ کر سکی۔