ویمنز ٹی 20 سیریز: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو پہلا میچ 71 رنز سے ہرا دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 71 کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ 15 برس کے بعد پاکستان آنے والی ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم نے 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کا کامیاب آغاز کیا، سخت ترین سکیورٹی میں ساوتھ اینڈ کلب گراونڈ پرکھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، رات کو ہونے والی بارش کا مہمان ٹیم نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور مقررہ 20 اوورز میں صرف 2 وکٹیں کھو کر 160 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ڈینڈرا ڈوٹن نے60 گیندوں پر 90 رنز کی شاندار جارحانہ اننگز کھیلی جس میں8 چوکے اور 4 زوردار چھکے بھی شامل تھے، چیڈن نیشن نے بھی آوٹ ہوئے بغیر 35 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 50 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی۔گیلی فیلڈ ہونے کی وجہ سے خوفزدہ پاکستان فیلڈرز نے متعدد کیچز ڈراپ کیے، تاہم جواب میں میزبان ٹیم بیٹنگ میں بھی بری طرح فلاپ نظرآئی اور ہدف کے تعاقب میں 89 رنز پر ہی ہمت ہار گئی، کپتان بسمعہ معروف38 اورجویریا خان 19 کے ساتھ نمایاں رہیں، سدرہ امین 2، عمائمہ سہیل 3،ارم جاوید7، عالیہ ریاض6، ندا دار2، ثنا میر2 اور ایمن انور 4 رنز ہی جوڑ سکیں جبکہ سدرا نواز اورنشرح سندھوکوئی رن نہیں بنا سکیں، شمیلہ کونئیل نے 29 رنز کے عوض 3 ‘ شاکیرہ سلمان نے 8 اورانیسہ محمد نے 17 رنز دے کر2، 2 ‘ دنیرہ اور ایفے فلیچر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، ڈینڈرا ا ڈوٹن پلیئر آف دی میچ قرار پائیں ، دوسرا میچ آج صبح 10 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی عبرتناک شکست پر ہیڈ کوچ مارک کولز چراغ پا ہوگئے۔ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں ناکامی پر دل شکستہ نظر آنے والے نیوزی لینڈ کے مارک کولز نے کہا کہ سب نے دیکھ لیا کہ ہماری کھلاڑیوں نے کیا کیا، ہماری ٹیم نے گیم پلان پر عمل نہیں کیا، ناقص فیلڈنگ بھی مایوسی کا سبب بنی، ممکن ہے کہ برسوں بعد اپنے ہوم گراونڈ پر دنیا کی ایک بڑی ٹیم کا سامنا کرتے ہوئے وہ نروس ہوگئی ہوں۔مارک کولز نے خراب پرفارمنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے بہت سی چیزوں کو بہتر بنانا ہوگا، ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی، متعدد اقدامات پر عمل کیے بغیر آگے نہیں بڑھا جاسکتا، دوسری جانب پلیئر آف دی میچ دینڈرا ڈوٹن نے کہا کارکردگی پر مسرور ہوں، کامیابی کی نیت سے آئے ہیں اور ٹی ٹونٹی سیریز جیت کر جائیں گے۔