• news

لئی ایکسپریس وے منصوبے کی لمبائی بڑھانے کا ا فیصلہ مسائل عارضی‘ عوام جلد ریلیف محسوس کرینگے : عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میں لئی ایکسپریس وے منصوبے کے امور کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کے دوران منصوبے کے امور پر بریفنگ دی گئی۔ عثمان بزدار نے متعلقہ محکموں اور اداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لئی ایکسپریس وے منصوبے کو پبلک پرائیویٹ شراکت کے تحت تعمیر کیا جائے گا۔ لئی ایکسپریس وے منصوبے کی لمبائی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس منصوبے کی مجموعی لمبائی اب 23.2 کلومیٹر ہوگی۔ لئی ایکسپریس وے کا منصوبہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام کیلئے تحریک انصاف کی حکومت کا تحفہ ہے اور اس منصوبے کی تعمیر سے نالہ لئی کے اردگرد بسنے والے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ عثمان بزدار سے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلویز فرخ حبیب نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی خدمت کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں اور عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھیں گے۔ سرکاری محکموں کی استعداد میں اضافہ اور ان کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے جامع اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مختصر مدت میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ معیشت کو درست سمت پر گامزن کرنے کیلئے مشکل فیصلے کئے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، مسائل عارضی ہیں ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے اور عوام جلد ریلیف محسوس کریں گے۔ صحت عامہ اور تعلیم کے شعبوں پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے اور حکومتی امور میں سادگی لگانے سے اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ عوام کے ٹیکسوں کی رقم کی پوری دیانتداری سے خرچ کیا جارہا ہے۔ عوام نے تحریک انصاف کو تبدیلی کیلئے ووٹ دیئے ہیں۔ عثمان بزدار کے حکم پر پولیس نے قصور کے علاقے ڈھنگ شاہ میں غریب شہری کے گھر پر بااثر افراد کا قبضہ چھڑا لیا ہے اور غریب شہری کو گھر کا قبضہ واپس دلا دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی کے مقامی چیئرمین خالد محمود ڈوگر کی جانب سے غریب شہری ریاض کے گھر پر قبضے کا نوٹس لیا تھا۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا کیخلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی اور شہریوں کی جائیدادوں پر قبضے کرنے والے عناصر کیخلاف کوئی رو رعایت نہیں ہوگی۔ تحریک انصاف کی حکومت قبضہ مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اور قبضہ مافیا کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔
عثمان بزدار

ای پیپر-دی نیشن