مقبوضہ کشمیر : خاتون‘ دو نوجوان شہید‘ زبردست مظاہرے‘ مودی کی آمد پر کل ہڑتال ہو گی
سرینگر(صباح نیوز+ اے پی پی+ این این آئی) مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی کے دوران مزید 2 کشمیریوں کو شہید کردیا جس کے بعد نہتے مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ضلع پلوامہ کے علاقہ راج پورہ میں قابض فوج نے گھر گھر تلاشی لی اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا، بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں 2 شہریوں کو شہید کردیا۔ واقعے کے بعد نہتے عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی جنہیں روکنے کے لیے بھارتی فوج اور کٹھ پتلی انتظامیہ نے طاقت کا استعمال کیا۔ اس کے علاوہ علاقے کی صورت حال اور عوامی غم و غصے کی لہر سے متعلق خبروں کو دبانے کے لیے موبائل اور انٹر نیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔ شہید نوجوانوں کی شناخت شاہد اور عنایت کے نام سے ہوئی ہے۔ ادھر ضلع کولگام میں بھارتی ایجنٹوں نے ایک لڑکی عشرت جان کو گولی مارکر شہید کردیا۔ بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ جنوری میں 18بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جمعہ کو جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ان شہادتوں کی وجہ سے دو خواتین بیوہ اور دو بچے یتیم ہوگئے۔مقبوضہ علاقے میںبھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے گزشتہ ماہ پر امن مظاہرین پر پیلٹ گن ، گولیوں اورآنسوگیس سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے126 کشمیری زخمی ہوئے جبکہ اس عرصے کے دوران حریت رہنماﺅں اور کارکنوں سمیت 93شہریوںکو گرفتار کیاگیا۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ ماہ 4گھروں کو تباہ کیا۔ علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے مقبوضہ علاقے کے دورے کے خلاف 3فروری بروز اتوار علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری نریندر مودی کے دورے کے روز مکمل اور بھر پور ہڑتال کر کے بھارت کے ساتھ ساتھ عالمی برادری پر بھی واضح کریں گے کہ وہ حق خود ارادیت کی جدوجہد کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے دور حکومت میں کشمیر ی نوجوانوں کابے دریغ قتل عام اور انہیں بصارت سے محروم کیا گیا۔ ہزاروں کشمیری سلاخوں کے پیچھے ڈال دیے گئے اور رہائشی مکانات اور دیگر املاک کو نذر آتش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے پاس اور کوئی راستہ نہیں کہ وہ3فروری کو بھارتی وزیر اعظم کے مقبوضہ علاقے کے دورے کے دوران بھر پور احتجاج اور ہڑتال کریں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کا ایک غیر معمولی اجلاس حریت چیئرمین سید علی گیلانی کی صدارت میںحیدرپورہ سرینگر میں منعقد ہوا جس میں جموںوکشمیر کی موجودہ ابتر صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اجلاس میں کہاگیا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر موجود سب سے دیرینہ حل طلب سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے جس کے پُرامن حل کےلئے تاریخی حقائق اور عوامی خواہشات کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔
کشمیر