ای سی ایل میں نام ڈالنے کیخلاف اسد درانی کی درخواست پر انکوائری رپور ٹ طلب
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت 21 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے حکام سے انکوائری رپورٹ سربمہر لفافے میں طلب کر لی ہے۔ حساس ادارے کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کا نام اس وقت ای سی ایل میں شامل کیا گیا۔ جب ان کی متنازع کتاب منظر عام پر آئی۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی نے اپنا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے جس میں عدالت نے وزارت دفاع کی انکوائری کی رپورٹ سربمہر لفانے میں عدالت پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وزارت دفاع کے نمائندے کے مطابق اسد درانی کے خلاف انکوائری مکمل ہو چکی ہے جس کی حتمی رپورٹ آنا باقی ہے۔ فاضل عدالت نے وزارت دفاع کو آئندہ سماعت پر انکوائری کی حتمی رپورٹ سربمہر لفافے میں عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت 21 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔