• news

کشمیریوں سے خون اور روح کا رشتہ، بہتر تعلقات میں بھارتی رویہ رکاوٹ ہے: فواد چودھری

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب میں وزیراطلاعات نے کہا کہ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ صرف زمین کا نہیں بلکہ خون اور روح کا رشتہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی قیادت بھی اب بھارتی مظالم کے خلاف کھل کر بول رہی ہے، کشمیر پر بھارتی رویے کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہورہی ہے، پاکستان بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے جس میں بھارتی رویہ رکاوٹ ہے، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتا رہے گا۔ پاکستان کا کشمیر سے روح کا تعلق ہے، کشمیر کے اندر نسل در نسل آزادی کی جدوجہد چل رہی ہے، پاکستان نے ہر موقع پر کشمیر کیلئے جانیں دی ہیں اور تین جنگیں لڑی ہیں، پاکستانیوں کا لہو کشمیریوں کے ساتھ بہتا ہے، کشمیر ایک انسانی مسئلہ ہے، عمر فاروق اور محبوبہ مفتی بھی کہنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کیلئے محبت دن بدن بڑھتی جا رہی ہے، بھارت کشمیریوں کو محکوم بنا کر نہیں رکھ سکتا، ظلم جب بڑھتا ہے تو ختم ہو جاتا ہے، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کرتا رہے گا، موجودہ حکومت کشمیر کاز کے ساتھ کھڑی ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر 1947 کا ہے لیکن میں کہتا ہوں کہ کشمیر کی جدوجہد دو سو سال پرانی ہے، 1832 میں جب ہمارے لوگوں نے قربانیاں دیں ان کے سر کاٹے گئے، لوگوں کی کھالیں درخت پر لٹکائی گئیں۔چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین مضبوط دو طرفہ تعلقات قائم ہیں، جمہوریت کے فروغ، گڈ گورننس کو یقینی بنانے اور خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے خیالات میں یکسانیت ہے، سٹیک ہولڈرز کو نفرت پر مبنی مواد اور جعلی خبروں کے تدارک کے لئے مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن