شہبازشریف کو ڈیل نہیں ملی تو اب ڈھیل مانگ رہے ہیں: شیخ رشید
گوجرانوالہ، اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، نیوز رپورٹر، کامرس رپورٹر) وفا قی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چوروں ڈاکوئوں لٹیروں کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں، اب دو پبلک اکائونٹ کمیٹیاں ہوں گی ایک چوروں ڈاکوئوں کی اور دوسری چوکیداروں کی، ٹرمپ پاکستان آئیں گے، امریکہ مان چکا ہے کہ جو عمران خان کہتا تھا وہ درست ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ ریلوے سٹیشن پر آمد کے موقع پر میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی کو کہا ہے کہ شیخ رشید کو پبلک اکائونٹ کمیٹی میں نہ رکھیں، بے شک ہماری طرف سے سعد رفیق کو بھی چھوڑ دیں۔ میرا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان نے کیا، شہباز شریف میں پبلک اکائونٹس کمیٹی میں آ رہا ہوں روک سکو تو روک لو۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو ڈیل نہیں ملی اب بیماری کے بہانے بناکر ڈھیل مانگ رہے ہیں، ریمانڈ کے دوران کسی بندے کے پروڈکشن آرڈر نہیں ہو سکتے۔ 20 سال پہلے شہباز شریف کو جو بیماری تھی ریکارڈ نکال لیں آج بھی وہی بیماری انہیں لاحق ہے، باہر بھاگنے کی، لیکن اب ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔ سعودی فرماں روا پاکستان آرہے ہیں، ملک میں تاریخ کی سب سے بڑی انویسٹمنٹ ہو گی۔ امریکہ میں نو حکو متیں ہوتی ہیں جن میں سی آئی اے، پینٹاگون، واشنگٹن ڈی سی، کا نگریس، امریکی صدر و دیگر شامل ہیں۔ اتنے عرصے کے بعد امریکہ کو اب عقل آگئی ہے اور وہ دنیا بھر میں مان رہا ہے کہ جو عمران خان کہتا تھا وہ درست تھا۔ جو موجودہ حکو مت کی فارن پا لیسی کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ نوازشریف اور شہبازشریف جان دے دیں گے لیکن لوٹا ہوا پیسہ واپس نہیں کریں گے۔ راولپنڈی اور لاہور کے درمیان سفر کا دورانیہ ایک گھنٹہ کم کررہے ہیں۔ وزیرآباد حامد ناصر چٹھہ کا علاقہ ہے جو منصوبہ وہ دیں گے اس پر عمل کریں گے۔ وزیر آباد ریلوے سٹیشن کی تعمیر نو کا بھی اعلان کیا۔ شہبازشریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کیخلاف جلد سپریم کورٹ سے رجوع کررہا ہوں۔ ریلوے نے دو مہینوں میں 34کروڑ روپیہ کمایا ہے، ریلوے کے مسافروں میں 20 سے تیس فیصد اضافہ ہوا ہے، 23 مارچ تک پاکستان ریلوے میں بہت بڑی تبدیلی دیکھیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبہ کی منظوری دے دی ہے جس کا افتتاح یکم مارچ کو کیا جائے گا، ریلوے اور پنجاب پولیس کی تنخواہ یکساں ہوگی، ٹکٹ کے بغیر سفر کرنے والے لوگ اب جیل میں جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار نے جمعہ کو راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر کلین، گرین اور خوش اخلاق ریلوے مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کلین اینڈ گرین مہم چلا رہے ہیں۔ جس ٹرین میں سے بغیر ٹکٹ والے لوگ نکلیں گے اس علاقے کے ڈی ایس اور ٹکٹ چیکر ذمہ دار ہوگا۔ میں سپریم کورٹ بھی جارہا ہوں، دودھ کی رکھوالی کیلئے بلے کو برداشت نہیں کیا جائے گا، چور مچائے شور کی فلم نہیں چل سکتی۔ شیخ رشید بذریعہ ٹرین لاہور پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر ریلوے کلین گرین اور خوش اخلاق مہم چلاتے ہوئے راولپنڈی سے بذریعہ ایکسپریس ٹرین لاہور پہنچے۔ واضح رہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے یکم فروری سے 28فروری تک کلین گرین خوش اخلاق پاکستان ریلوے مہم چلانے کا اعلان کررکھا ہے جس کے تحت وہ مختلف شہروں کے دورے کررہے ہیں۔