سرگودھا: عامر سلطان چیمہ کامیاب، پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن سے سیٹ چھین لی
سرگودھا: عامر سلطان چیمہ کامیاب، پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن سے سیٹ چھین لی، جیت وزیراعظم پر قومی اعتماد کا مظہر ہے: فواد چودھری
سرگودھا(نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ)سرگودھا کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 91 کے 20 حلقوں کی دوبارہ پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا جس کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں پی ٹی آئی کی جیت سامنے آئی۔پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن سے قومی اسمبلی کی ایک سیٹ چھین لی ۔زرائع کے مطابق 20 پولنگ سٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں تحریک انصاف کے امیدوار عامر سلطان چیمہ نے 12028 ووٹ حاصل کر لئے جبکہ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی 3134 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے۔ یاد رہے25جولائی 2018 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی 87 ووٹوں کی برتری سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے تین روز قبل مشروط ری پولنگ کا حکم دیتے ہوئے رزلٹ روک دیا جس کی سماعت 15 فروری کو ہو گی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے این اے 91 میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر ٹویٹ میں کہا ہے شاہینوں کے شہر سرگودھا سے تحریک انصاف کیلئے ایک اور قومی نشست کا تحفہ ملا ہے۔ یہ جیت وزیراعظم کی قیادت پر قومی اعتماد کا مظہر ہے۔ عامر چیمہ اور تحریک انصاف کی قیادت کو بہت مبارکباد ہو۔ آج انور چیمہ کی روح بھی مطمئن ہو گی کہ ان کے بیٹے کو حلقے سے نمائندگی کا اعزاز ملا ہے۔
سرگودھا/الیکشن