• news

نوازشریف کو کچھ ہوا تو عمران ذمہ دار ہونگے‘ مانگے کے ڈالروں سے معیشت تباہ کر رہے ہیں : حمزہ شہباز

لاہور(نیوزرپورٹر)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت نواز شریف کی صحت سے متعلق بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے اوراہل خانہ کو انکی صحت سے متعلق کچھ آگاہ نہیں کیا جا رہا، نواز شریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار وزیراعظم ہوں گے،نیازی صاحب نے وعدہ کیا تھا کہ ہم نئے صوبہ بنائیں گے، حکومت جنوبی پناب اور بہاولپور کو صوبہ بنائے ہم غیر مشروط حمایت کرینگے،سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور جب تک متاثرہ خاندان کو انصاف نہیں ملتا حکومت کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے،گالیاں دینے اور الزام تراشی سے 22کروڑ عوام کا پیٹ نہیں بھر تا، انضما م پلس وزیر اعلیٰ پنجاب نے دو آئی جیز کو چپڑاسی کی طرح فارغ کیا ، مانگے تانگے کے ڈالروں سے معیشت کا بیڑہ غرق کیا جارہا ہے ،نیازی صاحب نے پانچ ماہ بعد تسلیم کر لیا ہے کہ معاشی حالات بہتر نہیں ہیں۔ مسلم لیگ ن مشترکہ اپوزیشن کا حصہ ہے، فضل الرحمن اور اتحادیوں سے مشاورت کے بعد لانگ مارچ سمیت کسی بھی طرح کا فیصلہ کریںگے۔ پریس کانفرنس میںحمزہ شہبا ز نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) نے پنجاب حکومت چھوڑی تو اس وقت 650ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تھا لیکن پی ٹی آئی کی مانگے تانگے کی جعلی مینڈیٹ والی حکومت نے اس میں 450ارب روپے کا کٹ لگا دیا۔ جب کنٹینرپر چڑھ کر قوم کو سبز باغ دکھارہے تھے تو سیلاب میں اس وقت دوکروڑ لوگ ڈوب گئے تھے۔ خیبر پی کے ہمیںبھی ہلاکتیں ہوئیں لیکن اس وقت وہاں کے وزیر اعلیٰ ڈانس کر رہے تھے ۔ پنجاب کے سینئر وزیر نے اورنج لائن منصوبے کو سفید ہاتھی کہا لیکن اس سے اگلے روز سپریم کورٹ نے اس منصوبے کو لاہور کی عوام کے لئے تحفہ قرار دیا۔ آج ملک کی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے ،شہباز شریف نے پہلے دن کہا کہ معاشی حالات کی بہتری کے لئے ہم غیر مشروط طو رپر آپ کے ساتھ چلنے کے لئے تیار ہیں لیکن اس کے جواب میں ہمیں گالیاں، ڈاکو ، چور ، اور جیلیں ملیں ۔ کیا پانچ مہینے میں تین بجٹ پیش کرنے اور گالیاں دینے سے معیشت سنبھل گئی ہے ۔ کیا جیلوں میں ڈالنے کی گیڈ ر بھبھکیوں سے ڈالر کی قیمت کم ہوئی ہے۔ حکومت نے بیرون ممالک اور مرکزی بینک سے کھربوں روپے کا قرض لے لیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق سرمایہ کاروں کا 26فیصد اعتماد کم ہوا ہے ۔ نیازی صاحب آپ بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں لیکن کیا خلیل جس کے خاندان پر قیامت صغریٰ ٹوٹی آپ نے انصاف کیا ، اس پر جوڈیشل کمیشن بن جاتا تو انصاف ہوجاتا اور اس سے آپ کی بھی عزت ہوتی ۔ بزدار کہہ رہے ہیں کہ اس واقعہ کی تحقیقات کےلئے جوڈیشل کمیشن کی ضرورت نہیں۔ اللہ سے ڈریں ،جن بچوں کے والدین کو ان کی آنکھوں کے سامنے قتل کر دیا گیا آپ ان کےلئے گلدستے لے کر پہنچ گئے۔ اگر اپ ان کے زخموں پر مرہم نہیں رکھ سکتے تو کم از کم نمک تونہ چھڑکیں ۔ جعلی مینڈیٹ والی حکومت ویزا پالیسی میںنرمی ، سوئٹرز لینڈ سمیت26 ممالک سے ہونے والے معاہدوں کے حوالے سے کریڈٹ لینا چاہتی ہے ، نیازی صاحب آپ تو سپورٹس مین ہیں آپ میں سپورٹس مین سپرٹ ہونی چاہیے اور کم از کم قوم سے سچ توبولیں ۔ حکومت گرانے کاشوق نہیں ،جھوٹ کے وزن سے حکومت خود ہی گرجائے گی لیکن انہیں سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے،۔ انہیں کنٹینر پر کئے گئے جنوبی پنجاب سمیت تمام وعدے یاد کرائیں گے۔ حج اخراجات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے اور جن بزرگوں نے 70سال سے اللہ کے گھر جانے کے خواب دیکھے تھے وہ چکنا چور ہو گئے ہیں۔
حمزہ شہباز

ای پیپر-دی نیشن