مارکیٹنگ‘ ایکٹیویشن پر اخراجات‘لاہور قلندرز نے تمام فرنچائز کو پیچھے چھوڑ دیا
لاہور( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کو کامیاب برانڈ بنانے، ایونٹ کی مارکیٹنگ اور ایکٹیویشن پر اخراجات کے معاملے میں لاہور قلندرز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ساتھ تمام فرنچائز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق پہلے دو ایڈیشنز میں ایونٹ کی مارکیٹنگ اور ایکٹیویشن پر اٹھنے والے اخراجات میں چالیس فیصد حصہ لاہور قلندرز کا ہے۔ اس کام میں پاکستان کرکٹ بورڈ سینتیس فیصد اخراجات کے ساتھ دوسرے نمبر ہے۔مارکیٹنگ اور ایکٹیویشن ایکٹیویٹی میں کراچی آٹھ فیصد کے ساتھ دوسرے، سات فیصد اخراجات کے اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے جبکہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ چار چار فیصد رہا ہے۔ ان اخراجات میں اگر پاکستان کرکٹ بورڈ کا حصہ الگ کر دیا جائے تو لاہور قلندرز کا شیئر لگ بھگ تریسٹھ فیصد تک جا پہنچتا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے پہلے دو ایڈیشنز کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے اخراجات کو الگ کر دیا جائے تو اس شعبہ میں کراچی کنگز تیرہ فیصد کے ساتھ دوسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ گیارہ فیصد کے ساتھ تیسرے، پشاور زلمی سات فیصد کے ساتھ چوتھے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مجموعی اخراجات کے چھ فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر ہے۔ لاہور قلندرز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ میں اب تک نتائج کے اعتبار سے درجہ بندی میں سب سے نیچے نظر آتی ہے تاہم پاکستان سپر لیگ کو برانڈ بنانے اور مختلف سرگرمیوں کے ذریعے بارہ مہینے لیگ کو مقبول بنانے کے لیے اسکا حصہ مجموعی طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے بھی زیادہ نظر آتا ہے۔