• news

میٹرو پولیٹن انتظامیہ بھٹو اور نیشنل گراؤنڈ آئی آر سی اے کو واپس کرے:ناصر اقبال

لاہور(نمائندہ سپورٹس+نمائندہ سپورٹس) اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ناصر اقبال کا کہنا ہے کہ میٹرو پولیٹن انتظامیہ بھٹو اور نیشنل گراؤنڈ آئی آر سی اے کو واپس کرے۔ اسلام آباد کے کرکٹ گراؤنڈز پاکستان کی بہترین گراؤنڈز ہیں ہم ساٹھ فیصد قومی سطح کے مقابلوں کی میزبانی کرتے ہیں۔ تمام محکمے اور علاقائی ٹیمیں اسلام آباد میں کھیلنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت گراؤنڈز میں کھیل کی بہترین سہولیات کا بندوبست کیا ہے۔ تمام گراؤنڈز رجسٹرڈ کلبوں کے پاس ہیں اور وہ اسکی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ ڈائمنڈ گراؤنڈ کا ماہانہ خرچ لاکھوں میں ہے اور ہم یہ خرچہ خود اٹھاتے ہیں کبھی سی ڈی اے یا میٹرو پولیٹن انتظامیہ سے کوئی مدد نہیں لی۔ سی ڈی اے نے شروع میں تعاون کیا تھا تاہم بعد اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن نے اپنی مدد آپ کے تحت انفراسٹرکچر کھڑا کیا، کئی کھلاڑی پاکستان ٹیم کو دیے۔ ملکی کرکٹ کو نئے پلیئرز مہیا کرنے میں اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کا اہم کردار ہے۔ اب شہر کی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کا بنی بنائی اعلی معیار کے گراؤنڈز کو دیکھ کر دل للچا رہا ہے وہ دو گراؤنڈز پر قبضہ کر چکے ہیں شہر کے دیگر میدانوں پر بھی قبضہ کر کے وفاقی دارلحکومت کے نوجوانوں سے بہتر کھیل کے مواقع چھیننا چاہتے ہیں۔ جن دو گراؤنڈز کا زبردستی انتظامیہ نے کنٹرول سنبھالا ہے انکا برا حال ہو چکا ہے۔ کھیل کے وسیع تر مفاد میں تمام کرکٹ گراؤنڈز کا اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر انتظام رہنا ضروری ہے۔ وزیر مملکت شہریار خان آفریدی نے اس حوالے سے کھیل دوست فیصلہ کیا ہے۔ کھیل کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے میٹرو پولیٹن انتظامیہ کا غیر جانبدار ہونا ضروری ہے۔ ہم کھیلنے میدانوں پر کاروبار نہیں کر رہے۔ ہر گراؤنڈ کا ماہانہ خرچ لاکھوں میں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن