ڈپریشن کو خود پر حاوی نہ ہونے دیں‘اداکار شان کافنکاروں کو مشورہ
لاہور(کلچر ل رپورٹر ) نامور پاکستانی اداکار شان شاہد نے ڈپریشن میں مبتلا فنکاروں کو اپنے مشوروں اور تجاویز سے نوازتے ہوئے کہا ہے کہ ڈپریشن کو خود پر حاوی نہ ہونے دیں بلکہ اسے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے استعمال کریں۔چند روز قبل پاکستانی اداکار محسن عباس حیدر نے سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ وہ ان دنوں شدید قسم کے ڈپریشن میں مبتلا ہیں اوربہت پریشان ہیں۔ محسن عباس کی اس پوسٹ کے بعد پاکستان کے دیگر فنکار ان کی سپورٹ میں اٹھ کھڑے ہوئے اور اب اداکار شان شاہد نے بھی ڈپریشن کے حوالے اپنے خیالات کااظہار کیاہے۔اداکار شان شاہد نے سوشل میڈیا پر ڈپریشن میں مبتلا فنکاروں کو اپنے مشوروں سے نوازتے ہوئے کہا ہے’’اداکاروں کو ڈپریشن کو اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے استعمال کرناچاہئے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا جیسے نامور مصور ونسنٹ وان گوگ کا درد ان کے کینوس(پینٹنگز)میں نظر آتاتھا۔ ایک اداکار کے اندر مختلف کردار رہتے ہیں، اپنے اندر موجود ڈپریشن کوایک اداکار یا اداکارہ اداکاری میں استعمال کرکے اپنے چہرے کے اتار چڑھاؤ کو اچھے طریقے سے پیش کرسکتا ہے۔ اور اپنے اہداف حاصل کرسکتا ہے۔ تاہم بدقسمتی سے فنکار اس لائن کو عبور کرجاتے ہیں اور ڈپریشن کے درد کے عادی ہوجاتے ہیں۔ یہ موجودہ دورکا المیہ ہے کہ ہم کیریئر کاانتخاب کرتے وقت یہ نہیں سوچتے کہ بعد میں ہم پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ ہمیں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا روشن چہرہ دیکھنا چاہئے سیاہ چہرہ نہیں۔