• news

کشمیر متنازعہ معاملہ‘ بات کرنے پر تیار ہیں‘ نوازشریف کیساتھ ڈیل کا علم نہیں : شاہ محمود

لندن ، اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ سپیشل رپورٹ ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم کررہا ہے، عالمی دنیا خاموش ہے ،مسئلہ کشمیر حل طلب اور متنازعہ مسئلہ ہے، اسے بات چیت سے حل کیا جائے،مودی کی مقبوضہ کشمیر آمد پر مکمل شٹر ڈان ہڑتال تھی، کیا مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال پاکستان نے کرائی تھی، پاکستان پرامن ملک ہے ہم لڑائی نہیں چاہتے،نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز کا استعمال کیا جارہا ہے عالمی برادری خاموش ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال تیزی سے بگڑ رہی ہے، دنیا میں جمہوریت کا سب سے بڑا دعویدار بھارت کشمیر میں ظلم کررہا ہے، کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے جذبے پر قائم ہیں،کشمیر ایشو پر پاکستان کشمیر اور بھارت فریق ہیں،اتوار کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہاں آل پارٹی گروپ آف کشمیر نے دعوت دی، ہاﺅس آف کامن میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ہونے والی عالمی کانفرنس میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی میں کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے بہت سے اہم شواہد اکٹھے کئے ہیں ، اقوام متحدہ میں بھی کشمیر میں ہونے والے ظلم و بربریت کے خلاف پیش کی جانے والی رپورٹ کے تناظر میں اس کمیٹی نے رپورٹ تیار کی ہے۔ جس پر مزید تبادلہ خیال ہوگا جس ہم پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔ہمیں اس بات پر بہت تعجب ہوتا ہے کہ جب ہم کشمیر کے حریت رہنما ﺅں سے بات کرتے ہیں یا ان کی خیر یت دریافت کرتے ہیں تو بھارتی ہائی کمشنر اس پر معترض ہوتا ہے ۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔ ہم کوئی بگاڑ نہیں چاہتے ۔ یہ متنازعہ مسئلہ ہے ۔ آئیں اس پر بیٹھ کر بات کرتے ہیں ، قتل ،ریپ اور پلیٹ گنز کا استعمال ہورہا ہے اور یہ سب انسانی حقوق کی تنظیمیں کیوں خاموش ہیں۔ میر ی ان تنظیموں سے گزارش ہے کہ وہ صرف حقائق بیان کریں۔ برطانیہ میں سی پیک اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے پراپیگنڈا کرنے والے رومی رینجر نامی لوگوں سے متعلق پو چھے گئے سوال پر وزیر خارجہ نے کہا میں یہاں کسی پر تنقید کرنے نہیں آیامیں یہاں ایک بڑے مقصد کیلئے آیا ہوں۔ ہماراصرف ایک ہی مقصد ہے جو کہ پاکستان موقف ہے اس اجاگر کرنے آئے ہیں۔ پاکستان کی سب جماعتوں کا کشمیر کے حوالے سے ایک ہی موقف ہے۔ بھارتی موقف کے مطابق اگر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے واقعات میں پاکستان کا ہاتھ ہے تو بتایا جائے کہ وہاں انٹرنیٹ کی سہولت کیوں بند کی گئی ہے۔ میں برطانوی صحافیوں کا آزاد کشمیر دورے کی دعوت دیتا ہوں جوآزاد کشمیر آنا چاہے آسکتا ہے کیونکہ ہمارے دل میں کوئی چور نہیں ہے۔ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے ۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا موقف انتہائی واضح اور دو ٹوک ہے۔ لندن میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نہتے کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم اور جبر استبداد کے خلاف بھر پور آواز اٹھائیں گے ۔روانگی سے پہلے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی آج برطانوی پارلیمنٹ میں منعقدہ انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس سے خطاب کریں گے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی 5 فروری کو پارک لین میں کشمیر ڈے کے حوالے سے منعقدہ نمائش میں بھی شریک ہونگے۔پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کے حق_خودارادیت کے حصول تک انکی بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔کانفرنس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان ، کشمیری رہنما اور اہم شخصیات خطاب کریں گی، عالمی کشمیر کانفرنس کا اہتمام آل پارٹی پارلیمانی گروپ آن پاکستان ( اے پی پی جی) نے دارالعوام ہاﺅس آف کامنز ) میں کیا ہے ، واضح رہے کہ کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت کے لئے سینٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امور خارجہ کے ممبران کا بھی ایک بہت بڑا وفد سینٹیر مشاہید حسین سید کی قیادت میں لندن پہنچ چکا ہے جو اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کا موقف یکساں اور واضح ہے۔عالمی کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا ، کانفرنس میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کروں گا، برطانوی پارلیمنٹ کی مقبوضہ وادی کی سنگین صورتحال پر رپورٹ آ چکی ہے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اقوام متحدہ کی رپورٹ بھی موجود ہے دنیا کے کسی مہذب معاشرے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی اجازت نہیں ، سب سبے بڑی جمہوریت کی دعویدار بھارتی سرکار کشمیریوں پر ظلم و ستم ڈھا رہی ہے، جمہوریت میں فیصلہ کن قوت عوام ہوتی ہے ، مسئلہ کشمیر پر قومی اتفاق رائے موجود ہے ۔ مقبوضہ وادی میں صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے ۔ کشمیری حق خودارادیت کے جذبے پر قائم ہیں۔ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں ایوان صدر میں ساﺅتھ ایشین سٹیبلٹی یونیورسٹی کے زیراہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے منگل 5 فروری کو خصوصی تقریب منعقد ہوگی۔اٹلی کے شہر میلان میں بھارتی قونصلیٹ کے سامنے کشمیریوں نے مظاہرہ کیا بارش کے باوجود سینکڑوں افراد نے مظاہرے میں شرکت کی۔ مظاہرین نے بھارت کو مقبوضہ کشمیر چھوڑنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ”کشمیر بنے گا پاکستان“ اور ”پاکستان زندہ باد“ کے نعرے بھی لگائے۔

شاہ محمود

ای پیپر-دی نیشن