• news

نوازشریف کے سروسز ہسپتال میں ٹیسٹ مریم‘ صفدر اور ان کے داماد کی ملاقات

لاہور(نیوز رپورٹر) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لاہور میں سروسز ہسپتال میں ریڈیالوجی، الٹراساو¿نڈ، کےبلڈ اور سی ٹی سکین ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد انہیں او پی ڈی سے وی آئی پی کمرے میں شفٹ کردیا گیا۔ میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ امراض قلب کے ڈاکٹر بھی میاں نوازشریف کا معائنہ کریں گے۔ اتوار کے روز دوپہر کو مریم نواز نے اپنے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر اور داماد راحیل منیر کے ہمراہ نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی عیادت کی۔ میڈیکل بورڈ کی ہدایت پر نواز شریف کو وی آئی پی روم سے نیو او پی ڈی وارڈ لے جایا گیا جہاں ان کے ایک گھنٹہ تک مختلف ٹیسٹ کئے گئے۔ واپس جاتے ہوئے نواز شریف نے اظہار یکجہتی کےلئے موجود کارکنوں اور عوام کو دیکھ کر ہاتھ بھی ہلایا۔ نواز شریف کے میڈیکل بورڈ میں مزید تین ڈاکٹروں پروفیسر ڈاکٹر زاہد، پروفیسر ڈاکٹر خدیجہ اور پروفیسر ڈاکٹر سلیم کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور مریم کے داماد راحیل منیر ودیگر اہلخانہ نے دوپہر کا کھانا اکٹھے کھایا، مریم نواز اپنے والد کی تیمارداری کےلئے تقریباً 2 گھنٹے سروسز ہسپتال میں رہیں۔ سکیورٹی اہلکاروں نے مریم نواز کے داماد راحیل منیر کو روک لیا، تاہم مریم نواز کی مداخلت پر راحیل منیر کو اندر جانے کی اجازت ملی۔ ہسپتال کے باہر لیگی کارکنان نے نوازشریف کی صحت یابی کےلئے قرآن خوانی کی، جبکہ کچھ متوالوں نے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگایا۔ اس موقع پر کارکن مریم نواز کی گاڑی کے گرد جمع ہو گئے اور ان کے حق میں نعرے لگائے تاہم پولیس انہیں سخت سکیورٹی حصار میں وی آئی پی بلاک کے اندر لے گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ کے سربراہ نے نواز شریف کی صحت اور اب تک ہونے والے ٹیسٹوں کے حوالے سے مریم نواز کو آگاہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ہسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کے بائیں گردے میں مائنر پتھری نظر آئی ہے۔ سروسز ہسپتال کی غازی علم دین شہید وارڈ میں نواز شریف کا سی ٹی سکین کیا گیا۔ نواز شریف کا اپریل 2017ءمیں نجی ہسپتال میں سی ٹی سکین کیا گیا تھا۔ 2017ءکے سی ٹی سکین میں بھی بائیں گردے میں مائنر پتھری نظر آئی تھی۔ طبی ماہرین کے مطابق نواز شریف کے گردے میں موجود پتھری لنتھوٹریسی سے نکالی جا سکتی ہے۔ میڈیکل بورڈ فیصلہ کرے گا کہ پتھری کو ادویات سے نکالنا ہے یا آپریشن کرنا ہے۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ اعلیٰ سطح کے میڈیکل بورڈ کی تجویز پر نواز شریف کو ہسپتال داخل کیا گیا۔ نواز شریف کو بہترین علاج معالجہ فراہم کرنے کی ضرورت ہے، نواز شریف کو متعدد بیماریاں لاحق ہیں۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی محبت اور خلوص نواز شریف کے ساتھ ہے۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز نے اپنے والد کا حوصلہ بڑھایا جب کہ نوازشریف نے اب تک علاج کے متعلق بیٹی کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر مریم نواز نے والد سے کہا کہ لیگی کارکنان آپ کی صحت یابی کےلئے دن رات دعائیں کررہے ہیں اور آپ کی صحت کے متعلق کافی فکر مند ہیں۔
نواز شریف

ای پیپر-دی نیشن