• news

ویمنز بلائنڈ ٹی ٹونٹی :نیپال نے پاکستان کو ہرا کر سیریز جیت لی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل ویمنز بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریزکے چوتھے میچ میں نیپال ویمنز ٹیم نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچز کی سیریز میں 3 صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی اس سے قبل لاہور، راولپنڈی اورآج اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں نیپالی ٹیم نے کامیابی حاصل کی جبکہ فیصل آباد میں بارش کے باعث دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کو منسوخ کردیا گیا تھا۔ شالیمار کرکٹ گرائونڈ اسلام آباد پر پاکستانی کپتان رابیعہ شہزادی نے سیریز میں مسلسل تیسرا ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا گرین شرٹس نے 7 وکٹوں کے نقصان پر101 رنز سکور کئے۔ اوپنرسعدیہ خالد نے 20 جبکہ کرن رفیق نے 16رنز سکور کئے مونا بینیتا اورآیوشما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیپال نے 102 رنزکا ہدف 8.5 اوورز میں ایک وکٹ پر حاصل کر لیا۔ بملہ رائے نے 15 گیندوں پر 42 رنزناٹ آئوٹ بنائے۔ مانکسی نے 25 اور مونا آریل نے 22 رنز ناٹ آئوٹ سکور کئے۔ مہمان خصوصی چیف کمرشل آفیسر پی ٹی سی ایل مقیم الحق کا کہنا تھا کہ نابینا خواتین کی حوصلہ افزائی اور انہیں با اختیار بنا نے کیلئے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ہمیں فخر ہے کہ ہمارا ادارہ بھی دنیا بلائنڈ کرکٹ کی پہلی ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں پی بی سی سی کا پارٹنر ہے ہماری خواتین بھی کسی صورت صلاحیتوں میں مردوں سے کم نہیں ہیں نیپالی ویمنزٹیم کی پاکستان آمدسے ملک کا بہتر امیج پوری دنیا میں گیا ہے۔ پی ٹی سی ایل آئندہ بھی ایسے ایونٹس کی سرپرستی جاری رکھے گا۔ ا اعزازی مہمان مصطفین کاظمی نے نیپال کی مونا آریل کو بیسٹ پرفارمنس پر پانچ ہزار روپے کیش ایوارڈ دیا جبکہ مہمان خصوصی چیف کمرشل آفیسر پی ٹی سی ایل مقیم الحق نے بملہ رائے کو پلیئرآف دی میچ کی ٹرافی اور پندرہ ہزار روپے کیش ایوارڈ دیا۔ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کا پانچواں اور آخری میچ آج کھیلاجائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن