کشمیروں سے اظہار یکجہتی ‘3 روزہ ہاکی ٹورنامنٹ لاہور میں شروع
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاک ہیروز اور محمڈن ہاکی کلبز کے زیر اہتمام کشمیروں سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں تین روزہ ہاکی ٹورنامنٹ لاہور میں شروع ہو گیا۔ پہلے روز دو میچ کھیلے گئے جس میں برہان الدین وانی شہید اور مقبول بٹ شہید الیوں نے اپنی اپنی حریف ٹیموں کو شکست دیدی۔ جوہر ہاکی سٹیڈیم میں تین روزہ ہاکی ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری رائے عثمان کھرل تھے جن سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔ پہلا میچ برہان الدین وانی شہید اور سردار عبدالقیوم الیون کے درمیان کھیلا گیا جس میں برہان الدین وانی شہید الیون نے دو کے مقابلے تین گول سے کامیابی اپنے نام کی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے وقار احمد بٹ، سلمان بٹ اور عبدالحنان نے ایک ایک جبکہ سردار عبدالقیوم الیون کی جب سے عدنان ملک اور علی عامر نے ایک ایک گول کیا۔ دوسرے میچ میں مقبول بٹ شہید اور سردار سکندر حیات الیون کی ٹیمیں مد مقابل ہوئیں۔مقبول بٹ شہید الیون نے تین کے مقابلے پانچ گول سے کامیابی حاصل کی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے مرتضٰی یعقوب،غلام مصطفٰی، صغیر، عمر حسن اور عمران اظہر نے ایک ایک جبکہ حریف ٹیم کی جانب سے فیاض احمد، عدنان بٹ اور ذیشان نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ٹورنامنٹ میں آج مزید دوکھیلے جائیں گے جبکہ فائنل میچ 5 فروری کو کھیلا جائیگا۔ واضح رہے کہ اولمپیئن اختر رسول چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی جبکہ محمد یعقوب آرگنائزنگ سیکرٹری ہیں۔