امن کے ثمرات لوگوں تک پہنچانے کی ضرورت‘ ملک کیخلاف سازشیں ناکام بنائیں گے : آرمی چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) کور کمانڈرز نے ملک کی داخلی سلامتی میں بہتری اور افغانستان میں امن کیلئے مفاہمتی عمل کی پیشرفت اور ملک میں سکیورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کی دو سو اٹھارہویں کور کمانڈرز کانفرنس گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ شرکاءنے جیو سٹرٹیجک حالات اور ملک کی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ کور کمانڈرز نے دشمن کی کسی غلط مہم جوئی کو ناکام بنانے کے نکتہ نظر سے کنٹرول لائن، ورکنگ باﺅنڈری اور مشرقی سرحد پر فوجی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا اور یوم کشمیر کے موقع پر بہادر کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت اور آپریشن ردالفساد کے تحت جاری آپریشنوں کے علاوہ ہماری توجہ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں اور مخالف طاقتوں کے ان عزائم کو ناکام بنانے پر بھی مرکوز ہے جن کا مقصد پاکستان کو حاصل کئے گئے امن کے ثمرات سے محروم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی و معاشی ترقی کے ذریعہ امن و امان کی بہتر صورتحال کے ثمرات لوگوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے خلاف کی جانے والی سازشیں ناکام بنائیں گے۔ اجلاس کے دوران لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باو¿نڈری پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی اور معصوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اپنی سرحدوں کے تحفظ سمیت مربوط قومی ردعمل پر بھرپور توجہ ہے۔ علاوہ ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل مجاہد انور خان نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں افغان سفیر نے بھی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ افغان سفیر نے افغانستان میں امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔
آرمی چیف