ہم حکومت گرانے کے موڈ میں نہیں نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں، نوازشریف کو ضمانت مل جائیگی: خورشید شاہ
سکھر(اے این این ) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی حکومت گرانے کے موڈ میں نہیں ہے۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ جس کیس میں کچھ ہوسکتا تھا اس میں نواز شریف کو چھوڑ دیا گیا اور جس کیس میں سزادی گئی وہ کیس ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا نوازشریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے انہیں ضمانت مل جائے گی۔ عدالت انہیں چھوڑتی ہے تو ان کا حق ہے۔ ہم حکومت گرانے کے موڈ میں نہیں ہیں، لہذا حکومت نہیں گرائیں گے۔ ہم نظام میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ پاکستان کا بھلا جمہوریت میں ہے۔ پاکستان اس لیے تباہ و برباد ہوا کہ اس ملک میں جمہوریت تھی ہی نہیں۔شیخ رشید سے متعلق سوال پر پی پی رہنما نے کہا کہ شیخ رشید کو کون سنجیدہ لیتا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ کازلت خان کو کون کہتا ہے این آر او؟ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی پر سودے بازی نہیں کریں گے۔ کشمیر پیپلزپارٹی کے منشور کا اہم حصہ ہے۔
خورشید شاہ